ملک کے ساتھ ساتھ آج وادی کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع پلوامہ میں بھی عالمی یوگا ڈے منایا جا رہا ہے۔ یوگا ڈے کا افتتاح ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیر الحق چودھری نے کیا۔
پروگرام میں ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر پلوامہ، آیوش آفیسر پلوامہ اور اسپورٹس ڈپارٹمنٹ و دیگر محکموں کے اہلکار موجود رہے۔ اس موقع پر ماہرین نے مختلف قسم کے یوگا کھیل کروائے تاکہ زمینی سطح پر یوگا کی اہمیت معلوم ہو سکے۔
اس موقع پر ماہرین نے کہا کہ یوگا محض ایک جسمانی سرگرمی نہیں ہے بلکہ یہ ایک قدیم ذہنی اور روحانی عمل بھی ہے۔ جس سے انسان کو کافی فائدہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستقل یوگا کرنے سے انسان کی ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں، جسم میں لچک پیدا ہوتی ہے، خون کا دوران بڑھتا ہے اور بلڈپریشر نہیں بڑھتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوگا قوت مدافعت کو بڑھاتا ہے اور وزن کو کم کرنے میں بھی مدد گار ثابت ہوتا ہے۔ روزانہ یوگا کرنے سے انسان کسی بھی طرح کے دباؤ سے محفوظ رہ سکتا ہے اور ایک متوازن صحت مند زندگی گزارتا ہے، جوکہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: International Yoga Day: عالمی یوگا ڈے کے موقع پر وزیر اعظم کا قوم سے خطاب
ضلع ترقیاتی کمشنر نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ یوگا کو اپنا معمول بنائیں تاکہ ان کا جسم صحت مند رہنے کے ساتھ ساتھ مضبوط ہو سکے۔ جس وجہ سے ہم بیماری کے شکار ہونے سے بچ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یوگا نہ صرف جسمانی بیماریوں کو دور کر سکتا ہے بلکہ روحانی طور پر بھی انسان کو فاٸدہ پہنچاتا ہے۔ اس لئے یوگا کو ہمیں اپنی زندگی کا معمول بنانا چاہیے۔