سرینگر: ریڈیو کے موجد مارکونی کا نام پوری دنیا میں زبان زد عام ہے کہ اس شخص نے دنیا میں نہ صرف خبر پہنچانے کا ایک منفرد آلہ ایجاد کیا بلکہ اس آلے سے تہذیب و تمدن، ثقافت اور دیگر، چیزوں کی ترویج و اشاعت کے لیے کار ہاے نمایاں انجام دیا ہے۔ پوری تاریخ میں، ریڈیو نے دنیا بھر میں معلومات کے تبادلے اور لوگوں کو تعلیم دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس وقت بھی یہ معلومات کی ترسیل کا سب سے سستا ذریعہ ہے۔ اگرچہ ریڈیو صدیوں پرانا ذریعہ بن چکا ہے، لیکن یہ اب بھی رابطے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
ریڈیو کی اہمیت کے پیش نظر ہر سال یونیسکو کی جانب سے 13 فروری کو ریڈیو کا عالمی دن منایا جاتا ہے، عام لوگوں اور میڈیا میں ریڈیو کی اہمیت کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور ریڈیو کے ذریعہ معلومات تک رسائی حاصل کرنے کی حوصلہ افزائی کی غرض سے ہر سال منایا جاتا ہے۔ وادی کشمیر میں بھی اس جدید دور کے دوران ریڈیو شوق سے سنا جاتا ہے، ٹیلی ویژن اور انٹرنیٹ کی ایجاد نے اگرچہ انقلاب برپا کر دیا ہے تاہم اس سب کے باوجود ریڈیو پر لوگوں کا بھروسہ غیر متزلزل ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے محمد عبداللہ کھاری نامی ایک شہری نے بتایا کہ وہ آج بھی ریڈیو بڑے شوق سے سنتے ہیں اور وہ حالات حاضرہ کے ساتھ ساتھ موسیقی اور دیگر پروگرام بھی سنتے ہیں۔ انھیں یقین ہے کہ موبائل اور انٹرنیٹ کے اس دور میں ریڈیو کا متبادل نہیں ہے۔ سماجی کارکن نور محمد ترالی کا کہنا ہے کہ بے شمار نیوز چینلز اور نیوز پورٹل ہونے کے باوجود ریڈیو ہی عوام میں قابل اعتماد ذریعہ ہے چونکہ ریڈیو ان مقامات پر بھی چلتا ہے جہاں مواصلاتی نظام اور دیگر ذرائع بند ہوجاتے ہیں۔ نور محمد کے مطابق ریڈیو نہ صرف عوامی دلچسپی کے پروگرام نشر کرتا ہے بلکہ سرکاری اسکیموں کو بھی عوامی سطح پر پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
واضح رہے کہ امسال ریڈیو کے عالمی دن پر پرسار بھارتی کے سی ای او گورو دویدی نے اپنے پیغام میں بتایا ہے کہ گزشتہ سو برسوں کے دوران ریڈیو نے انقلاب برپا کیا ہے اور امسال کا، تھیم ریڈیو اور امن ہے۔