’’رمضان المبارک بہت ہی برکتوں، رحمتوں اور بخشش کا مہینہ ہے۔ یہ ماہ مبارک اپنی برکات اور انعامات کے علاوہ اللہ تعالیٰ کی مغفرت کا ایک وسیع سمندر اپنے ساتھ لاتا ہے اور ہمیں چاہیے کہ رمضان کے پہلے عشرہ یعنی ’’عشرہ رحمت‘‘ میں اللہ اور اسکے رسول (صلی اللہ علیہ وسلم) کی اتباع میں صرف کرکے اللہ کی رحمت کے طلبگار بنیں۔‘‘
ان باتوں کا اظہار مولانا محمد یاسین خطیب جو ادارہ اوقاف اسلامیہ ہمدانیہ کے چیئرمین بھی ہیں نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو ماہ مبارک رمضان میں اللہ کا قرب حاصل کرنے کے لیے قیام اللیل، نماز و تراویح، تلاوت و اذکار کا اہتمام کرنا چاہئے تاہم انہوں نے عوام سے احتیاطی تدابیر کو ملحوظ رکھنے کی بھی اپیل کی۔
انہوں نے عوام سے محکمہ صحت اور انتظامیہ کی جانب سے وضع کیے گئے رہنما خطوط خصوصا ماسک پہننے، ہاتھوں کو بار بار صاف کرنے اور سماجی دوری برقرار رکھتے ہوئے رمضان گزارنے کی اپیل کی۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہونے کے بعد ہی وائرس کے پھیلائو کو کم کیا جا سکتا ہے۔