پلوامہ (جموں و کشمیر) : جموں و کشمیر پولیس نے اسمگل کی جا رہی عمارتی لکڑی کو ضبط کرکے ٹمبر اسمگلر کو بھی حراست میں لے لیا جبکہ اسمگلنگ کے لیے استعمال میں لائی جا رہی گاڑی کو بھی سیز کر لیا گیا۔ ترال ترال پولیس نے بتایا کہ گزشتہ شب ناکہ چیکنگ کے دوران ایک لوڈ کرئیر سے عمارتی لکڑی ضبط کر کے ڈائیور کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ایک عہدیدار نے بتایا کہ مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر ترال پولیس نے ایس ایچ او ترال عبد الرحمن کی سربراہی میں ہردومیر کراسنگ پر ناکہ قائم کیا اور اس دوران ناکہ پارٹی نے ایک لوڈ کیرئیر زیر رجسٹریشن نمبرJK03 E 5036.کو روک کر اس کی تلاشی لی۔
جموں و کشمیر پولیس کے ایک اہلکار کے مطابق لوڈ کیرئیر کی تلاشی کے دوران قریباً بیس مکعب فٹ عمارتی لکڑی ضبط کی گئی جس کی مالیت ہزاروں روپے بتائی جا رہی ہے۔ ترال پولیس نے بتایا کہ گاڑی کے ڈرائیور جس کی شناخت کوثر احمد بٹ ولد غلام احمد بٹ ساکنہ ڈادسرہ کے طور پر ہوئی ہے کو بھی موقع پر ہی گرفتار کر لیا گیا ہے اور اسے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا، جبکہ سمگل کی جا رہی لکڑی کے ساتھ ساتھ لوڈ کیریئر کو بھی سیز کیا گیا۔
عوامی حلقوں نے پولیس کی اس کارروائی کی سراہنا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’کم ازکم پولیس نے ٹمبر اسمگلنگ کے خلاف کارروائی کی ہے جبکہ متعلقہ ادارے بشمول محکمہ جنگلات، فاریسٹ پروٹیکشن فورس خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں۔‘‘ لوگوں کے مطابق ترال میں گزشتہ کئی ماہ سے جنگل سمگلروں کے حوصلے بلند ہو گئے ہیں، جبکہ اس طرح کی کارروائیوں سے سبز سونے کی لوٹ کھسوٹ پر روک لگائی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ سرما کی آمد کے ساتھ ہی جموں و کشمیر میں شجر کاری مہم شروع کی جاتی ہے اور گزشتہ برس کی طرح امسال بھی جموں و کشمیر انتظامیہ نے دس لاکھ سے زائد پودے لگائے جانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ شجر کاری مہم کے ساتھ ساتھ ٹمبر اسمگلنگ پر بھی روک لگائے جانے کے حوالہ سے مربوط لائحہ عمل اپنائے جانے کی ضرورت ہے تاکہ یہ قدرتی ورثہ نئی نسل تک محفوظ رہ سکے۔