پلوامہ (جموں و کشمیر): جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے اونتی پورہ علاقے میں آوارہ کتے کے حملہ سے ایک آٹھ سالہ لڑکا بری طرح زخمی ہو گیا۔ اطلاعات کے مطابق ایک آوارہ کتے نے اونتی پورہ علاقے میں منگل کو ایک نا بالغ لڑکے پر اس کے گھر کے قریب حملہ کرکے اسے زخمی کر دیا۔ زخمی ہونے والے کم عمر بچے کی شناخت آٹھ سالہ حارث خورشید میر ولد خورشید احمد میر ساکن اونتی پورہ کے طور پر کی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کتے کے حملہ کے بعد حارث کو فوری طور علاج و معالجہ کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے اسے بہتر طبی نگہداشت کے لیے سرینگر کے شری مہاراجا ہری سنگھ (ایس ایم ایچ ایس) اسپتال ریفر کیا گیا۔ ادھر، ایس ایم ایچ ایس اسپتال سرینگر کے سرجری یونٹ کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ حارث کو کتوں نے بری طرح زخمی کر دیا ہے اور اس کے مختلف اعضاء کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حارث کا علاج جاری ہے اور فی الحال اس کی حالت مستحکم ہے۔
دریں اثناء، ترال کے گترو علاقے میں بھی آوارہ کتوں نے چھ افراد کو زخمی کر دیا ہے جسکی وجہ سے مقامی لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ برسوں کے دوران جموں و کشمیر خاص کر وادی میں آوارہ کتوں کی تعداد میں ہوشربا حد تک اضافہ درج کیا گیا ہے جس کے سبب آوارہ کتوں کی جانب سے انسانوں پر حملے کے واقعات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
مزید پڑھیں: آوارہ کتوں کا کہرام، حکام خاموش تماشاہی