جموں و کشمیر، سب ضلع ترال کے پنگلش گاؤں کے مقامی لوگوں نے بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے خاموش احتجاج کر کے اپنی بات انتظامیہ تک پہنچانے کی کوشش کی۔
مقامی لوگوں کے مطابق پنگلش گاوں میں ہر طرح کی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے اور ان کو خدا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے کیونکہ ان کے مسائل کو ختم کرنے کے لیے انتظامیہ کی جانب سے کوئی اقدام نہیں اٹھائے جارہے ہیں۔
مقامی شخص شیراز احمد نائک نے بتایا کہ ان کا گاؤں کاغذات پر تو ترقی یافتہ ہے مگر زمینی سطح پر آج بھی ایک پسماندہ گاؤں ہے، کیونکہ پنگلش سے ترال اسپتال کو جانے والی ڈیڑھ کلومیٹر رابطہ سڑک خستہ حالی کی شکار ہے، اس کے علاوہ گاؤں میں مواصلاتی نظام بہتر نا ہونے کی وجہ سے طلباء کو کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ایک اور مقامی شخص علی محمد شیخ نے بتایا کہ گاؤں میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی سے بھی لوگ پریشان ہیں اور مختلف بیماریوں کو شکار بھی ہورہے ہیں اور گاؤں میں ویٹرنری نہ ہونے سے ان کو اپنے مویشی کا علاج و معالجہ کے لیے کافی دور جانا پڑتا ہے۔
مقامی لوگوں نے ایل جی انتظامیہ سے گاؤں میں بنیادی سہولیات کو دستیاب کرائے جانے کی اپیل کی ہے۔