جنوبی کشمیر کے کاکاپورہ، پلوامہ میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائی سکول میں دوران شب اچانک آگ لگ گئی جس نے آناً فاناً پوری عمارت کو اپنی زد میں لے لیا۔
فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا۔ تاہم آتشزدگی کے اس ہولناک واقعہ میں پوری عمارت خاکستر ہو گئی۔
زونل ایجوکیشن آفسر کاکاپورہ غلام نے کہا کہ ’’آگ لگنے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی تاہم عمارت پوری طرح سے خاکستر ہو گئی ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ سکول میں موجود ضروری اسناد - جن میں داخلہ اور امتحانی فارم شامل ہیں، معجزاتی طور بچ گئے، لیکن ’’سکول کی عمارت کے ساتھ ساتھ یہاں موجود دیگر سامان پوری طرح سے راکھ ہو چکے ہیں۔‘‘
اس واقعہ میں لاکھوں کی املاک تباہ ہو گئیں، تاہم زونل ایجوکیشن آفیسر نے کہا کہ اس وقت نقصان کا مکمل تخمینہ نہیں لگایا جا سکتا۔
آگ لگنے کی وجوہات سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’’پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ آگ لگنے کی اصل وجہ وہی بتا سکتے ہیں، تاہم گمان کیا جاتا ہے کہ شاٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگی ہوگی۔‘‘
پولیس اسٹیشن کاکاپورہ میں اس سلسلے میں کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔