جنوبی کشمیر کے قصبہ ترال کے بالائی علاقوں میں مویشیوں کے اندر پھیل رہی منہ کھر اور دوسری بیماریوں کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ڈی ڈی سی ممبر آری پل اور پی ڈی پی لیڈر منظور احمد گنائی نے کہا ہے کہ اس بیماری کی وجہ سے علاقے کے لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ علاقہ ترال کے بنگہ ڈار، گترو، حاجن، لام اور دوسرے دیہات میں اس بیماری کے تدارک کے لیے انتظامی سطح پر معقول اقدامات نہیں اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ محکمہ سمیت انتظامیہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ: ’’انتظامیہ کی غفلت سے مویشی مررہے ہیں۔‘‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے کئی روز قبل یہ معاملہ انتظامیہ کی نوٹس میں لایا تھا تاہم ’’نامعلوم وجوہات کی بنا پر اس حوالے سے ڈاکٹروں کی ٹیم متاثرہ علاقوں میں نہیں بھیجی جارہی ہے۔‘‘
مزید پڑھیں: ترال: منہ کھر بیماری سے ایک درجن جانور ہلاک، انتظامیہ خاموش تماشائی
گنائی نے متنبہ کیا کہ اگر متاثرہ علاقوں میں جلد از جلد ٹیمیں روانہ نہیں کی گئیں تو وہ اس حوالے سے احتجاج کریں گے۔
واضح رہے کہ ترال کے کئی دیہاتوں میں منہ کھر اور دوسری بیماریوں کے باعث اب تک درجنوں مویشی ہلاک ہو گئے ہیں۔