جنوبی کشمیر میں ترال میونسپل کمیٹی کے صدر کی نشست کے لیے بدھ کو انتخابات منعقد کیے گئے جس میں بی جے پی سے تعلق رکھنے والے منظور احمد خان کو بلا مقابلہ میونسپل کمیٹی ترال کا صدر منتخب کیا گیا۔
انتخابی عمل میں علاقے کے سبھی کونسلرز موجود تھے جنہوں نے منظور احمد خان کے صدر چنے جانے پر اتفاق کیا۔
انتخابات کا عمل ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ترال شبیر احمد رینہ کی زیر نگرانی منعقد کیا گیا جبکہ ای او میونسپل کمیٹی اونتی پورہ ابزرور (Observer) کے طور پر موجود رہے۔ اس کے علاوہ میونسپل کمیٹی ترال کے ایگزیکٹو آفیسر منظور احمد اور سیکریٹری نذیر احمد ملک بھی موجود تھے۔
نو منتخب صدر منظور احمد خان نے سبھی کونسلروں کا شکریہ ادا کیا جنھوں نے ان پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ترال میونسپل کونسل کا صدر منتخب کیا۔
مزید پڑھیں: گھر میں پانی داخل ہونے سے کمہار کا بڑا نقصان
منظور خان نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ ترال ٹاون کو جاذب نظر بنانے کے لیے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کی دو تاریخ کو عسکریت پسندوں نے ترال میونسپل کونسل کے سابق صدر راکیش پنڈتا کو اس وقت ہلاک کیا تھا جب وہ سیکورٹی کے بغیر ایک دوست کے گھر جا رہے تھے۔ قریب ڈیڑھ ماہ تک صدر کی نشست خالی رہنے کے بعد بدھ کو ترال میونسپل کونسل کے صدر کی نشست کے لیے انتخابات منعقد کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: Pulwama Encounter: پلوامہ میں تصادم، تین عسکریت پسند ہلاک