اطلاعات کے مطابق لیتہ پورہ پلوامہ حملہ کے سلسلہ میں آج قومی تفتیشی ایجنسی نے ہکری پورہ پلوامہ سے باپ بیٹی کو پوچھ تاچھ کے لیے پلوامہ پولیس اسٹیشن لایا۔
مقامی پولیس، سی آر پی ایف اور این آئی اے کی مشترکہ ٹیم نے پلوامہ کے ہاکری پورہ گاؤں میں طارق احمد شاہ ولد محمد مقبول شاہ کے رہائشی مکان میں چھاپہ مار کارروائی کی۔
ذرائع کے مطابق تلاشی لینے کے بعد پولیس نے گھر کے مالک طارق احمد شاہ اور اس کی بیٹی انشا طارق جو کہ 26 سالہ کی ہے کو گرفتار کیا اور انہیں متعلقہ پولیس اسٹیشن پلوامہ لے گئے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل جنوبی کشمیر کے کاکہ پورہ علاقے سے تعلق رکھنے والے شاکر بشیر ماگرے کو گرفتار کیا گیا تھا۔ 22 سالہ شاکر بشیر پیشے سے دکاندار ہے اور انہیں جیش محمد تنظیم کا معاون بتایا جا رہا ہے۔ این آئی اے نے ان کے گھر پر چھاپہ بھی مارا تھا۔ شاکر بشیر نے پلوامہ خودکش حملہ آوار عادل ڈار کی مبینہ طور پر مدد کی تھی۔
ایجنسی نے آج ہاکری پورہ سے تعلق رکھنے والی انشاء نامی ایک خاتون اور ان کے والد کو حراست میں لیا ہے۔
گزشتہ برس 14 فروری کو پلوامہ کے لتھہ پورہ میں ہوئے خود کش حملے میں 40 سے زائد سی آر پی ایف اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔