جموں و کشمیر کے سب ضلع ترال کے ترال ستورہ سڑک پر ان دنوں تار کول بچھانے کا کام کیا جا رہا ہے۔ تاہم کئی مقامات پر محکمہ جل شکتی کے ذریعہ پائپ لائن تبدیل نہ کرنے کی وجہ سے محکمہ آر اینڈ بی تار کول بچھانے سے قاصر ہے۔
ایسی ہی صورتحال دیور نامی گاؤں میں بھی پیش آرہی ہے جہاں مقامی باشندوں نے احتجاج کر کے انتظامیہ تک اپنی بات پہنچانے کی کوشش کی ہے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ جب تک انتظامیہ پائپ لائن کو تبدیل نہیں کرے گا تب تک وہ میکڈمائزیشن کرنے کی اجازت نہیں دیں گے بلکہ وہ سڑکوں پر نکل کر دھرنا دیں گے۔
مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ وہ گذشتہ کئی برسوں سے اس سڑک پر تار کول بچھانے کا انتظار کر رہے تھے لیکن پی ایچ ای محکمے کی لاپروائی اور پائپوں میں ہو رہے لیکیج سے ان کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ انھیں پینے کے پانی کی قلت کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔