پلوامہ: محکمہ موسمیات کی وادی کشمیر میں برفباری کی پیشگوئی کے چلتے میونسپل ادارے، محکمہ آر اینڈ بی اور مکینیکل ڈپارٹمنٹ نے برف ہٹانے والی مشینوں اور عملہ کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رکھا ہے۔ مکینیکل فیلڈ سب ڈویژن پلوامہ و شوپیان کے عہدیداروں نے بتایا کہ ضلع پلوامہ کے ترال سنگروانی اور قصبہ پلوامہ میں کنٹرول روم قائم کئے ہیں جو ہمہ وقت عوام کو راحت پہنچانے کے لیے تیار ہیں۔ Snow Clearance from Pulwama and Shopian Roads
ضلع شوپیاں میں بھی محکمہ نے الگ الگ کنٹرول روم قائم کئے، پہاڑی ضلع ہونے کے باعث شوپیاں میں زیادہ برفباری کی توقع ہے۔ میکنیکل ڈویژں کے ایک مشین آپریٹر نے کہا کہ وہ سال 2012 سے محکمہ میں مشین آپریٹر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کو راحت پہنچانے میں ہی سکوں محسوس کر رہے ہیں تاہم انہوں نے عوام سے برفباری کے دوران عملہ کے ساتھ تعاون کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے عوام سے سڑکوں کے کنارے گاڑیاں پارک کرنے سے گریز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا: ’’سڑکوں پر سے برفباری ہٹانے کے دوان سڑکوں پر کھڑی/درماندہ گاڑیوں کے سبب برف صاف کرنے میں عملہ کو سخت مشکلات پیش آتی ہیں، جبکہ تعمیراتی مواد، اینٹیں وغیرہ سڑکوں پر انڈیلنے سے بھی کام میں دقتیں پیش آتی ہیں۔‘‘ Snow Clearance Pulwama Shopian
- مزید پڑھیں: MC Tral gears up Amid Snowfall Prediction: برفباری کی پیشگوئی کے پیش نظر میونسپل کمیٹی ترال متحرک
محکمہ کے اسسٹنٹ انجینئر نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ مکینیکل ڈویشن کی جانب سے مختلف علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر کنٹرول روم 15 نومبر سے ہی شروع کیے جاتے ہیں جو مارچ تک قائم رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا بھاری برفباری کی پیشگوئی کے پیش نظر محکمہ نے جدید مشینوں کا بھی اضافہ کیا ہے جو کہ بھاری برفباری کے ساتھ ساتھ ناگہانی آفات میں کام آسکتی ہیں۔
سڑکوں کے حوالہ سے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محکمہ دونوں اضلاع - شوپیاں اور پلوامہ- میں 1600 کلومیٹر طویل سڑکوں پر سے برف ہٹانے کا کام انجام دیتا ہے جس کے لئے محکمہ ہمیشہ تیار رہتا ہے۔ انہوں نے بھی عوام سے محکمہ کے ساتھ تعاون پیش کرنے کی اپیل کی۔