سرینگر: جموں وکشمیر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی ضلع پلوامہ میں جیش سے وابستہ 4 عسکریت پسندوں کے معاونین کو حراست میں لے کر اُن کے قبضے سے قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا۔ Police Arrest Jaish-Affiliated Aid workers
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی آر زیر نمبرات 50 اور 52 کی تحقیقات کے دوران جیش سے وابستہ چار اعانت کاروں کے بارے میں پتہ چلا کہ جنہیں بعد میں گرفتار کیا گیا۔
گرفتار شدگان کی شناخت امتیاز احمد راتھر ولد محمد شعبان راتھر ساکن چیوا کلان، ناصر احمد ملک (مدرسہ ایڈمنسٹریٹر ) ولد عبدالحمید ملک ساکن واسورہ، رئیس احمد شیخ ولد غلام نبی شیخ ساکن خانپورہ نیوا اور یاور رشید گنائی ولد عبدالرشید گنائی ساکن گڈورا پلوامہ کے بطور ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مذکورہ افراد سرگرم عسکریت پسندوں کو مدد فراہم کر رہے تھے۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ 12مارچ 2022 کے روز چیوا کلان پلوامہ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں جیش سے تعلق رکھنے والے دو عسکریت پسند کمانڈر مارے گیے جبکہ ایک کو زندہ گرفتار کیا گیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا اس حوالے سے تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا گیا ہے۔
واضح رہےکہ ہفتے کے روز انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 'شمال وجنوب میں سرگرم عسکریت پسندوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کرنے کے احکامات صادر کیے گئے ہیں۔
یو این آئی