پلوامہ (جموں کشمیر) : پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) زونل صدر ترال کے منتخب کرنے کے عمل کے دوران بدھ کو ٹاؤن ہال ترال میں ورکروں کے درمیان شدید اختلافات کو مد نظر رکھتے ہوئے انتخابی عمل کو پارٹی لیڈران نے ملتوی کر دیا۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق ٹاؤن ہال ترال میں بدھ کو پی ڈی پی کی جانب سے نئے زونل صدر کو منتخب کرنے کے لیے ورکروں کا اجلاس طلب کیا تھا، جس دوران مہمان خصوصی و ضلع صدر، پلوامہ، سید عبد الباری اور ریٹرنگ آفیسر محمد یاسین موجود تھے۔
اس موقع پر قطب الدین شاہ اور فاروق احمد ریشی کے درمیان مقابلہ طے ہوا تاہم جونہی ریٹرنگ افیسر نے صرف کارڈ ہولڈرز کو ووٹ ڈالنے کی بات کہی، اس پر کئی ورکرز نے ہنگامہ آرائی کی اور نعرے بازی کرنے لگے۔ اس دوران ٹاؤن ہال میں کشیدہ صورتحال پیدا ہوگئی اور اس ساری صورتحال کے بیچ پی ڈی پی لیڈران کو مجبوراً انتخابات کو موخر کرنا پڑا۔
میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے ضلع صدر پلوامہ سید عبدالباری نے بتایا کہ ’’اصل جمہوریت یہی ہے کہ ہر ایک کو بولنے کا حق دیا جائے۔ ہر ایک اختلاف رائے رکھ سکتا ہے، تاہم ہماری کوشش رہے گی کہ پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے کوششیں کی جائیں اور زونل صدر منتخب کرنے کے لیے نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔‘‘ انہوں نے اس ہنگامہ آرائی کو مُثبت قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا: ’’اس سے واضح ہوتا ہے کہ پی ڈی پی عوام میں کتنی مقبول ہے اور لوگ پارٹی میں جڑ کر عہدوں پر فائز ہونا چاہتے ہیں۔‘‘
مزید پڑھیں: PDP Convention Pulwama: پلوامہ میں پی ڈی پی اجلاس، محمد لطیف راجپورہ حلقہ کے صدر منتخب
بتا دیں کہ ترال میں پی ڈی پی کا خاصا ووٹ بینک ہے تاہم پارٹی ورکروں کے درمیان اختلافات سامنے نظر آئے کیا اس سے یہ بات کھل کے سامنے آگئی کہ کہ آنے والے وقت میں پی ڈی پی کو مشکلات کا سامنا رہے گا؟ یا یہ کہ پارٹی لیڈران کا دعویٰ ہی صحیح ثابت ہوگا کہ پارٹی بنیادی سطح پر مضبوط ہے؟ یہ آنے والا وقت ہی بتائے گا۔