پلوامہ (جموں کشمیر) : اونتی پورہ پولیس نے جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع کے ترال علاقے میں پاکستان میں مقیم ایک کشمیری عسکریت پسند کی پراپرٹی کو ضبط کر لیا ہے۔ اس ضمن میں موصول ہوئی تفصیلات کے مطابق ضلع پلوامہ کے نورپورہ، ترال علاقے میں ایک غیر منقولہ جائیداد (01 کنال اور 15 مرلہ باغاتی اراضی) جو کہ عسکریت پسندی کے ایک ہینڈلر فیروز گنائی ولد نبر گنائی ساکنہ نورپورہ، ترال کی ملکیتی اراضی ہے کو این آئی اے کی خصوصی عدالت کے احکامات کے تحت ضبط کر لیا گیا ہے۔ عدالتی احکامات پر عمل درآمد محکمہ ریونیو اور جموں و کشمیر پولیس کی مشترکہ ٹیم نے علاقے کے ذی عزت شہریوں کی موجودگی میں کیا۔
موصولہ تفصیلات کے مطابق فیروز احمد گنائی، جس کی پراپرٹی ضبط کی گئی، کے خلاف مقدمہ زیر ایف آئی آر نمبر 36/2023 U/s 18,20,23,25,38 اور 39 UA(P) ایکٹ اور 7/25 انڈین آرمز ایکٹ پولیس اسٹیشن ترال میں درج ہے۔ اسپیشل این آئی اے کورٹ پلوامہ نے ان سبھی مقدمات کی سماعت کے دوران غیر لگاتار غیر حاضر رہنے کی پاداش میں گنائی کو مجرم قرار دیا اور U/S 82 CrPC کے تحت انہیں مفرور قرار دیکر ان کی پراپرٹی سیز کرنے کے احکامات صادر کیے۔
مزید پڑھیں: Militants Property Attached in Kishtwar ایس آئی یو نے کشتواڑ میں تیرہ عسکریت پسندوں کی جائیداد قرق کردی
ایجنسیز کے مطابق کشمیری نژاد عسکریت پسند فیروز احمد گنائی، جو اس وقت پاکستان میں مقیم ہے، جموں و کشمیر میں دہشت گردی کو فروغ دینے اور یہاں کے عسکریت پسندوں کو امداد خاص کر ہتھیار فراہم کرنے کے لئے ایک خصوص نیٹ ورک چلا رہا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان میں مقیم عسکریت پسندوں اور ان کے قریبی رشتہ داروں کی غیر منقولہ جائیداد ضبط کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ عسکریت پسندی کو فروغ دینے یا عسکریت پسندوں کو امداد فراہم کرنے کے الزام میں بھی کئی افراد کی پراپرٹیز کو سیز کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔