ترال: عید الفطر رمضان المبارک کے روزوں کی ادائیگی کے بعد خوشی کا اظہار کرنے کے لیے مسلمانوں کو ایک موقع فراہم کرتا ہے،تاہم مسلمانوں کو عید سادگی کے ساتھ منانی چاہیے اور غرباء و مستحقین کا خاص خیال رکھنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار نامور عالم دین مولوی قطب الدین ترالی نے ای ٹی وی بھارت کے ساتھ ایک خصوصی بات چیت میں کیا۔انہوں نے کہا کہ خوشی کے اس موقع پر ہمیں سماج کے کمزور اور نادار لوگوں کا خیال رکھنا چاہئے جو کہ معاشی تنگدستی کے شکار ہیں اور اہل عیال کی ضرورتوں کا خیال نہیں رکھ پاتے ہیں۔
مولوی قطب الدین نے بتایا کہ رمضان المبارک غمخواری کا مہینہ ہے اور روزہ رکھنے سے ہمیں یہ سبق ملتا ہے کہ ہم دوسروں کے غم میں شریک ہوں ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بازاروں میں جس طریقے سے لوگ جم کر خریداری کرتے ہیں وہ کسی بھی طرح جائز قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فضول خرچی کا اسلام میں دور دور تک واسطہ نہیں ہے کیونکہ قرآن میں فضول خرچی کرنے والے افراد کو شیطان کا بھائی قرار دیا گیا ہے۔
مولوی قطب الدین نے ناجائز منافع خوری کے مرتکب دکانداروں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ عید الفطر کے موقع پر دکانداروں ایسے نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ دکاندار ضروریہ اشیاء کی قیمتوں میں نرمی کرے۔
مزید پڑھیں: Eid Ul-Fitr 2023 شوال کا چاند نظر آگیا، کل عید الفطر
انہوں نے بتایا کہ مسلمانوں کو صدقہ فطر نماز عید سے قبل ہی ادا کرنا چاہئے تاکہ غرباء ومساکین بھی عید کی خوشیوں میں شامل ہو سکیں۔واضح رہے کہ عید الفطر کا تہوار سنیچر کے روز پورے ملک کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر میں بھی منایا جا رہا ہے جس دوران عید نماز کے لیے بڑے بڑے اجتماعات منعقد ہوں گے، تاہم ناسازگار موسم ہونے کی صورت میں عید نماز مساجد میں ہی ادا کی جا سکتی ہے۔