پلوامہ: جنوبی کشمیر ضلع پلوامہ میں ’’چھوٹے تارے فاؤنڈیشن‘‘ نام کی ایک غیر سرکاری تنظیم نے ’’مہجور میموریل ہائیر سیکنڈری اسکول‘‘، پلوامہ کے باہمی اشتراک سے نوجوانوں کے لئے ذہنی صحت سے متعلق آگاہی پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا۔ آگاہی پروگرام میں اسکولی بچوں کے ساتھ ساتھ اساتذہ سمیت فاؤنڈیشن کے ارکان نے بھی شرکت کی۔ Awareness Camp on mental Health
آگاہی پروگرام کے دوران ’’ذہنی مرض میں مبتلا بچوں کے ساتھ کس طرح کا سلوک کرنا چاہئے‘‘، اس حوالہ سے شرکار کو جانکاری دی گئی جبکہ ذہنی امراض میں مبتلا ہونے کے حوالے سے بھی بحث کی گئی اور نوجوانوں کو اس ذہنی امراض کی وجوہات سے بچنے اور علامات کو بخوبی جاننے کے حوالہ سے مقررین نے آگاہ کیا۔
منتظمین نے پروگرام کے انعقاد کے حوالہ سے کہا کہ ’’اس وقت جموں وکشمیر میں ذہنی امراض میں اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے جس کے پیش نظر اس طرح کے آگاہی پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے آگاہی پروگرامز کے دوران نہ صرف نوجوانوں کو ذہنی تندرستی کے حوالہ سے آگاہ کیا جاتا ہے بلکہ اس مرض میں مبتلا افراد خصوصاً بچوں کے ساتھ پیش آنے کے طریقہ کار بھی سکھائے جاتے ہیں۔
اس موقع پر اسکولی بچوں نے بھی ذہنی امراض کے حوالہ سے گفتگو کی۔