پلوامہ (جموں و کشمیر) : اونتی پورہ پولیس نے سیوک ایکشن پروگرام کے تحت ضلع پلوامہ کے لاڈی یار، ترال میں ایک والی بال ٹورنامنٹ کا اہتمام کیا جس میں کل آٹھ ٹیموں نے شرکت کی۔ فائنل میچ میں ترال واریئرس اور ڈاڈسرہ کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں ترال واریئرس نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا۔
ٹورنامنٹ میں لاڈی یار، بوچھو، املر، ہردومیر، ڈاڈسرہ اور مضافات سے کھیل شائقین کی ایک بڑی تعداد جمع ہوئی جنہوں نے تالیاں بجاکر کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا۔ فائنل میچ کے اختتام پر ایک انعامی تقریب منعقد ہوئی جس میں فاتح ٹیم اور رنر اپ ٹیموں کو ٹرافی اور کیش پرائز سے نوازا گیا۔ علاوہ ازیں بہترین کھلاڑیوں کی بھی عزت افزائی کی گئی۔
انعامی تقریب میں ایس ایس پی اونتی پورہ اعجاز احمد زرگر، اے ڈی سی ترال شبیر احمد رینہ سی او 180 بٹالین ہرش وردھن سمیت مقامی باشندوں کی خاصی تعداد موجود تھی۔ ایس ایس پی اونتی پورہ نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے کھیل کود میں حصہ لیتے رہیں اور پولیس انکی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لیے ہمہ وقت کام کرے گی۔
اس موقع پر اے ڈی سی ترال نے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ کھیل کو پروفیشنل طریقے سے کھیلیں اور اس میں اپنا مستقبل بنائیں۔ کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں نے بھی پولیس کی جانب سے اس طرح کے ٹورنامنٹ منعقد کرنے کو ایک خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے اس سلسلہ کو بدستور جاری رکھنے کی امید ظاہر کی۔
مزید پڑھیں: کھیل کود کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ترال میں ٹورنامنٹ کا آغاز
میڈیا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ایس ایس پی اونتی پورہ، اعجاز زرگر، نے بتایا کہ امن وقانون کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے علاوہ جموں و کشمیر پولیس سیوک ایکشن پروگرام کے تحت ایسے پروگرامز منعقد کر رہی ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ کھیل کود کے شوقین کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے۔