قصبہ پانپور کے مختلف اسکولوں سے تعلق رکھنے والے 25 طلبہ و طالبات میں انڈور اسپورٹس کٹس تقسیم کیے گئے۔
ضلع انتظامیہ کے مطابق لاک ڈاؤن کے دوران گھر سے باہر کی کھیل کود سرگرمیاں ٹھپ ہونے کے باعث طلباء میں انڈور اسپورٹس کا رجحان بڑھانے کے لیے طلباء کو انڈور اسپورٹس کٹس فراہم کیے گئے۔
تحصیلدار پانپور نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’اسپورٹس کٹس فراہم کرنے کا مقصد طلباء کو ذہنی طور تندرست رکھنے کی ایک پہل ہے تاکہ لاک ڈائون کے دوران طلباء پڑھائی کے ساتھ ساتھ انڈور کھیلوں کے ساتھ مشغول رہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ اکثر بچے لاک ڈاؤن کی وجہ سے گھروں میں بے کار بیٹھے رہتے ہیں جس سے ان کا ذہنی تناؤ بڑھ جانے کا خطرہ لاحق رہتا ہے۔ ’’اس سلسلے میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے طلباء کو کھیل کود کا یہ سامان فراہم کیا گیا تاکہ وہ اپنے گھروں میں رہ کر کھیل کود کی سرگرمیوں میں مشغول ہو جائیں اور عالمی وبا کورونا وائرس سے محفوظ رہ سکیں۔‘‘
پانپور میں منعقدہ اس تقریب میں تحصیلدار پانپور اشتیاق محی الدین، زونل ایجیوکیشن آفسر پانپور کے علاوہ کے مختلف اسکولوں کے اساتذہ بھی موجود تھے۔