پلوامہ: جموں و کشمیر پولیس نے سکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر ضلع پلوامہ کے نینہ بٹپورہ علاقہ میں کالعدم عسکریت پسند جیش محمد سے وابستہ ایک ہائی برڈ عسکریت پسند کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ آپریشن خطے میں امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کی جاری کوششوں میں ایک اہم کامیابی ہے۔ گرفتار ہائی برڈ عسکریت پسند کی شناخت روحیل عبداللہ ولد محمد عبداللہ ٹھوکر ساکنہ نلی پوشواری شوپیاں کے بطور ہوئی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ مذکوہ شخص 8 دسمبر 2023 سے اپنے گھر سے لاپتہ ہوا تھا۔
گرفتاری کے دوران سکیورٹی فورسز نے مذکوہ شخص کے قبضے سے ایک اے کے 56 رائفل،اے کے 56 رائفیل میگزین،5چینی دستی بم، پستول،پستول میگزین سمیت دیگر قابل اعتراض چیزیں برآمد کیے ہیں۔پولیس گرفتار شدہ ہائی برڈ عسکریت پسند کی سرگرمیوں سے متعلق مزید تفتیش کر رہی ہے۔
مزید پڑھیں:
واضح رہے کہ گزشتہ روز جموں و کشمیر پولیس کے سربراہ آر آر سوین نے کہا تھا کہ جموں وکشمیر میں حالات کافی بہتر ہوئے ہیں اور عسکریت پسندی کے واقعات اور مقامی نوجوانوں کی ملیٹینٹ صفوں میں شمولیت کے رجحان میں بھی غیر معمولی کمی واقع ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس ایک ایسے نظام پر کام کر رہی ہے جہاں عسکریت پسندی سے متعلق واقعات کی تعداد سب سے کم ہو۔
انہوں نے مزید بتایا کہ منشیات کا قلع قمع کرنے کی خاطر بھی زمینی سطح پر اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ڈی جی پی نے مزید بتایا کہ عسکریت پسندوں کی مالی معاونت کرنے ، اس کی تعریف یا حمایت کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔