ضلع پلوامہ کے ترال علاقے میں گزشتہ دنوں ہوئے پر تشدد حملوں کے بعد ہفتہ کو ترال ٹائون میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے۔ ٹائون ترال کا اچانک محاصرہ کرکے راہگیروں کی جامہ تلاشی بھی لی گئی۔
ایس ڈی پی او ترال نے میڈیا کو بتایا کہ ’’گرینڈ حملوں کے بعد احتیاطی طور پر سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے تاکہ تشدد کے مزید واقعات رونما نہ ہو سکیں۔‘‘
راہگیروں کی جامہ تلاشی کے علاوہ ڈرون کیمروں کا بھی استعمال کیا گیا۔
اس ضمن میں مقامی باشندوں نے بتایا کہ ’’اچانک محاصرے اور جامہ تلاشیوں سے نوے کی دہائی کی یادیں تازہ ہو گئیں۔‘‘ تاہم تلاشی کارروائی کے دوران کسی فرد کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ترال ٹاؤن میں گرینیڈ حملوں کے دو واقعات رونما ہوئے جن میں کئی افراد زخمی ہو گئے۔ جبکہ بی جے پی کے مقامی رہنما راکیش پنڈتا کو بھی عسکریت پسندوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔