پوری وادی کے ساتھ ساتھ ضلع پلوامہ میں 3 جنوری سے لگاتار چار روز تک برفباری ہوئی جس کی وجہ سے معمولات زندگی درہم برہم ہوئی تھی۔ وہیں 7 اور 8 جنوری کو موسم میں تبدیلی آئی جس کی وجہ سے معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہوئی ہی تھی کہ آج صبح سے پھر برف باری ہونے لگی جس سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات کی پیشنگوئی غلط، کشمیر میں پھر سے برفباری
ضلع پلوامہ کے بالائی علاقوں میں پانچ سے چھ انچ جبکہ میدانی علاقوں میں 3 سے 4 انچ تازہ برف باری درج کی گئی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کو چلنے پھرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
ادھر وادی میں تازہ برف باری کے پیش نظر سرینگر ہوائی اڈے پر پروازوں کا سلسلہ ایک بار پھر متاثر ہوا۔ انتظامیہ کی جانب سے سرینگر ہوائی اڈے پر پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔