پلوامہ (جموں و کشمیر) : محکمہ جل شکتی کی جانب سے بالآخر بس اسٹینڈ، ترال، میں خراب شدہ پانی کی پائپوں کی مرمت کی گئی جس پر عوامی حلقوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ ترال کے مین بس اسٹینڈ میں گزشتہ دنوں پانی کی ایک بڑی پایپ میں خرابی آنے کی وجہ سے پورے بس اسٹینڈ میں پانی جمع ہو گیا تھا اور سڑکوں کو نقصان پہنچنے کا اہتمال ہونے کے ساتھ ساتھ راہگیروں، مسافرین سمیت ڈرائیوروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
ای ٹی وی بھارت نے اس حوالے سے ایک خبر نشر کی تھی جس کے بعد محکمہ جل شکتی کے اعلیٰ عہدیداروں نے موقع پر پہنچ کر جائزہ لیا اور جل شکتی عملہ نے پانی کی پائپوں کی مرمت کا کام شروع کیا۔ قریب ایک دن کی محنت شاقہ کے بعد مرمت کا کام مکمل کر لیا گیا اور فالٹ کو رپیئر کرنے کے بعد عوام کے ساتھ ساتھ محکمہ کے ملازمین نے بھی راحت کی سانس لی۔ علاوہ ازیں اس پائپ لائن سے جن علاقوں کو پانی فراہم ہو رہا تھا وہاں بھی پانی سپلائی ہونے کی راہ ہموار ہوگئی۔
جل شکتی محکمہ کے ایک عہدیدار، فاروق احمد، نے بتایا کہ جنرل بس اسٹینڈ ترال میں بوسیدہ ہو چکی پانی کی پائپوں کی مرمت کرنے میں اس وجہ سے دیر لگی کیونکہ انہیں مرمت کے لئے پہلے محکمہ آر اینڈ بی سے اجازت نامہ حاصل کرنا پڑا، جس میں کچھ دن صرف ہوئے اور جوں ہی اجازت نامہ فراہم ہوا محکمہ جل شکتی نے فوری طور پر کام شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ پائپس لائن کی مرمت کے بعد بس اسٹینڈ میں لیک کا مسئلہ حل ہونے کے ساتھ ساتھ متاثرہ علاقوں میں بھی پینے کے پانی کی سپلائی بحال ہو گئی۔
فاروق احمد نے دعویٰ کیا کہ ’’محکمہ جل شکتی کے ملازمین ترال علاقے میں پوری مستعدی سے کام کر رہے ہیں اور عوام کو صاف و شفاف پانی فراہم کرنے کے لیے تندہی کے ساتھ اپنی پیشہ ورانہ زمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ دریں اثناء، انہوں نے عوام سے پینے کے پانی کا منصفانہ استعمال کرنے پر بھی زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: Water Pipe Damaged in Tral بس اسٹینڈ ترال میں واٹر پائپ لائن پھٹنے کی خبر سے محکمہ جل شکتی بے خبر