سب ضلع ترال میں جہاں کئی اہم شاہراہوں پر میکڈمائزیشن جاری ہے وہیں مین ٹاؤن سے گامراج کو جانے والی سڑک انتہائی خستہ ہو چکی ہے جس کی وجہ سے اب ٹرانسپورٹرز بھی اس سڑک پر چلنے سے کتراتے ہیں۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے مقامی باشندوں نے دعویٰ کیا کہ برسوں قبل اس روڑ کو میکڈمائز کیا گیا تھا، اور اب اس اہم سڑک کی خستہ حالی کے باعث راہگیروں اور ٹرانسپورٹروں کو کافی اذیتیں جھیلنی پڑتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹائون کے قریب ہونے کے باعث دیگر درجنوں دیہات کے لیے اسی سڑک سے ہوکر سینکڑوں گاڑیاں گزرتی ہیں، تاہم سڑک خستہ ہونے کے باعث گاڑیوں کو بھی شدید نقصان پہنچتا ہے۔
مقامی باشندوں نے سڑک کی تعمیر وتجدید کے لیے سرکاری سطح پر ’غیر سنجیدگی کا مظاہرہ‘ کرنے پر انتظامیہ اور محکمہ تعمیرات عامہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
مقامی سرپنچ نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ سڑک کی خستہ حالی کے بارے میں انہوں نے متعلقہ افسران کو کئی بار مطلع کیا تاہم انہیں ’’یقین دہائیوں کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔‘‘