ڈی ڈی انتخابات میں اب رشتہ دار بھی ایک دوسرے کے مد مقابل کھڑے ہو رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ضلع پلوامہ کے ترال کے ڈاڈسرہ بلاک میں پانچویں مرحلے کے تحت ووٹنگ ہو گی اور آج پرچہ نامزدگی داخل کرنے کے آخری روز نیشنل کانفرنس کے امیدوار علی محمد بٹ نے نامزدگی فارم جمع کرایے۔
معلوم ہوا ہے کہ موصوف بھاجپا کے ترجمان اور ڈاڈسرہ حلقے سے امیدوار الطاف ٹھاکر کے ماموں زاد بھائی ہیں۔ علی محمد بٹ نے اپنے کارکنان کے ہمراہ نامزدگی فارم بھرا۔
ڈی ڈی سی انتخابات: پانچویں مرحلے کے لیے امیدواروں کا اعلان
علی محمد بٹ نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ تعمیر و ترقی کا ایجنڈا لے کر لوگوں کے پاس جائیں گے، کیونکہ نیشنل کانفرنس نے اس علاقے میں عوامی نوعیت کے بہت سے کام کیے ہیں اور اس لیے انہیں یقین ہے کہ وہ یہاں سے جیت درج کریں گے۔
علی محمد نے دعویٰ کیا کہ وہ الطاف ٹھاکر سے زیادہ مضبوط امیدوار ہیں اور وہ جیت کر ہی دم لیں گے۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر میں 28 نومبر سے ڈی ڈی سی انتخابات 8 مرحلوں میں ہونے والے ہیں۔ انتخابات کے آخری مرحلے کے لیے ووٹنگ 22 دسمبر کو ہوگی۔ ان انتخابات کے لیے جہاں عوامی اتحاد برائے گپکار اعلامیہ کے محاذ نے متحدہ طور پر لڑنے کا فیصلہ کیا ہے وہیں مختار عباس نقوی سمیت مرکز کے کئی قدآور رہنما انتخابی مہم چلا رہے ہیں۔