پلوامہ: نوجوانوں کو کھیل کود کی جانب راغب کرنے کے لیے سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) 130 بٹالین کی جانب سے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں چرالی گنڈ، اونتی پورہ میں کرکٹ پریمئر لیگ کا اہتمام کیا گیا۔ کرکٹ ٹورنامنٹ میں وادی کشمیر کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی 22 ٹیمیں شمولیت کر رہی ہیں۔ لیگ کا افتتاح ڈی آئی جی، سی آر پی ایف، آلوک اوستھی نے کیا جبکہ ایس ایس پی اونتی پورہ اعجاز زرگر کے ساتھ ساتھ سی آر پی ایف 130 بٹالین کے راجیو یادو، سی او 110 یوگیش پروہت اور دیگر افسران سمیت تماشائیوں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے ڈی آئی جی سی آر پی ایف نے کہا کہ کھیل کود کی وجہ سے منشیات اور ملک مخالف سرگرمیوں میں کمی دیکھنے کو ملی ہے اور حالات پوری طرح سے نارمل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی کوشش رہے گی کہ اس قسم کے ٹورنامنٹ مستقبل میں بھی منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چرالی گنڈ کے اس اسٹیڈیم سے قومی سطح کے کھلاڑی ابھر کر سامنے آئیں۔
ڈی آئی جی نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ سی آر پی ایف کھلاڑیوں کو قومی و آئی پی ایل سطح کے کھیل مقابلوں میں شرکت کے لیے کوئی بھی مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا: ’’آئی پی ایل سمیت دیگر قومی سطح کے کھیل مقابلوں کے لیے میرٹ کو ملحوظ رکھا جاتا ہے تاہم بعض اوقات کھلاڑی میں ہنر موجود ہوتا ہے تاہم کھیل مقابلے میں شرکت کے لیے اسپورٹس کِٹ، یا سفر کا کرایہ نہیں ہوتا جس کے لیے سی آر پی ایف کھلاڑیوں کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے۔
مزید پڑھیں: اونتی پورہ: کھیل کا میدان تباہی کے دہانے پر
ادھر، اونتی پورہ کے چرالی گنڈ میں منعقدہ اس ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ سی آر سی سیون اور اونتی پورہ سی سی کے درمیان کھیلا گیا۔ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے سی آر پی ایف افسران سمیت مقامی کھیل شائقین کی بھی خاصی تعداد موجود تھی۔