پلوامہ (جموں و کشمیر) : دیہی علاقوں میں رابطہ سڑکوں کی خستہ حالی کو لیکر اگرچہ جموں و کشمیر انتظامیہ کئی اقدامات اٹھا رہی ہے تاہم زمینی سطح پر سڑکوں کی تجدید و مرمت کو من و عن عملانے میں متعلقہ عملہ/ محکمہ جات کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ضلع پلوامہ کے چیواہ اولر، ترال کی خواتین نے جمعرات کو بی ڈی او آفس، ترال، کے باہر ایک خاموش احتجاج درج کرتے ہوئے اپنی شکایت حکام تک پہنچانے کی کوشش کی۔
احتجاج کر رہی خواتین نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ترال کے چیواہ اولر سے پوشاڈ تک کی رابطہ سڑک پر سرکار نے تعمیر و مرمت کا کام انجام دیا تاہم، احتجاجیوں کے مابق، ایک شہری نے سڑک کی تعمیر و مرمت پر بار بار اعتراض ظاہر کیا جس کی وجہ سے عام لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مزید پڑھیں: Tral Protest Against PDD: ترال میں محکمہ بجلی کے خلاف خاموش احتجاج
انہوں نے مزید کہا کہ اے ڈی سی ترال، ساجد نقاش، تحصیلدار ترال، سجاد احمد نے عوامی اصرار پر علاقے کا دورہ کیا اور اس سڑک کو پھر سے عوام کے نام وقف کیا۔ احتجاجیوں کے مطابق آج پھر سے مذکورہ شہری نے اعتراض ظاہر کرکے سڑک کی تعمیر کا کام بند کرایا جس کے سبب گاؤں کے باشندے احتجاج کرنے پر مجبور ہو گئے۔ احتجاجیوں نے سرکار سے اپیل کی ہے کہ ان کی طرف توجہ دی جائے تاکہ عبور ومرور میں انکو دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ احتجاج کر رہی خواتین نے ڈی سی پلوامہ سے ذاتی مداخلت کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’صرف ایک باشندے کی ہٹ دھرمی نے ایک گاؤں کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔‘‘