پلوامہ (جموں کشمیر) : ’’بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کشمیر میں پنڈتوں کو واپس لانے میں ناکام ہو چکی ہے، بلکہ جو پنڈت یہاں مقیم تھے وہ بھی اب کشمیر کو خیر باد کہہ کر دوسرے شہروں میں رہائش اختیار کر رہے ہیں۔‘‘ ان خیالات کا اظہار پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں ذرائع ابلاغ کے ساتھ بات کرتے ہوئے کیا۔ پی ڈی پی سرپرست محبوبہ مفتی ترال ایک تعزیتی مجلس میں شرکت کرنے کی غرض سے آئی تھی۔
پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ہفتہ کو گلاب باغ، ترال پہنچ کر یہاں پارٹی زونل صدر، قطب الدین شاہ کےگھر جا کر تعزیت پرسی کی اور غمزدہ خاندان کی ڈھارس بندھائی۔ قطب الدین کے والد حاجی غلام رسول شاہ گزشتہ دنوں انتقال کر گئے تھے۔ اس موقع پر پارٹی کے ضلع صدر پلوامہ، سید باری اندرابی، سابق ممبر اسمبلی ترال مشتاق احمد شاہ، وحید الرحمان پرہ اور دیگر لیڈران بھی محبوبہ کے ہمراہ تھے، بعد میں محبوبہ مفتی نے یہاں کل شام فوت ہوئی ایک سکھ عورت کے گھر جاکر بھی تعزیت پرسی کی۔
مزید پڑھیں: Protest in Favour of Kashmiri Pandits’ Return: مہاجر پنڈتوں کی واپسی کے حق میں سرینگر میں احتجاج
میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ ’’کشمیر، بھائی چارے کے لیے مشہور ہے جہاں صدیوں سے مختلف مذاہب کے لوگ مل جل کر ایک ساتھ رہ رہے تھے جس کی تازہ مثال یہاں گزشتہ کل اُس وقت دیکھنے کو ملی جب ایک سکھ عورت کے انتقال پر یہاں کے مسلمانوں نے اس کی آخری رسومات ادا کیں۔‘‘ محبوبہ نے بتایا کہ ’’بی جے پی یہاں کے روایتی بھائی چارے سے خوش نہیں ہے کیونکہ پنڈتوں کی واپسی کے حوالے سے باتیں تو کرتے ہیں لیکن اب تک ان کو واپس لانے میں ناکام ہوگئی ہے جبکہ اب جو پنڈت یہاں رہ رہے تھے وہ بھی یہاں سے بھاگ رہے ہیں۔‘‘