جنوبی کشمیر کے سب ضلع اونتی پورہ میں کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کے لئے ڈمپنگ سائٹ نہ ہونے کی وجہ سے میونسیپل کمیٹی کی جانب سے قومی شاہراہ کے ساتھ ہی کوڑا ڈمپ کیا جا رہا ہے۔ جسکی وجہ سے قومی شاہراہ پر سفر کرنے والے ہزاروں افراد کو ذہنی کوفت کا سامنا ہے۔
کوڑے کرکٹ کو یہاں جمع کر کے غیر ساینٹِفک طریقے سے جلایا جاتا ہے جسکی وجہ سے ُٹھ رہے دھویں اور بدبو سے نزدیکی رہائش پزیر آبادی کو زبردست مشکلات درپیش ہیں اور عالمی وباء کورونا وائرس کو دیکھتے ہوئے حکام اس جانب توجہ دینے سے گریزاں ہے۔
میونسیپل کمیٹی کے اہلکار کوڑے کرکٹ کو گاڑیوں میں لاد کر یہاں ڈمپ کرتے ہیں اور پھر جلاتے ہیں جسکی وجہ سے پورے علاقے میں عفونت پھیل گیا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کے ساتھ بات کرتے ہوئے میونسیپل کمیٹی اونتی پورہ کے ملازمین نے اپنی آپ بیتی سنا کر بے بسی کا اظہار کیا۔
ایک ڈرائیور نے بتایا کہ اسکو صرف چھ ماہ کے بعد سبکدوش ہونا ہے لیکن اسکو یہ گندگی ڈالنے کے لیے روز یہاں ہی آنا پڑتا ہے جبکہ ایک اور ملازم نے اپنی بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں کوڑا کرکٹ یہاں ڈالنے کے لیے اعلی افسروں کی طرف سے حکم دیا جاتا ہے۔
حالانکہ اس ملازم نے یہ بات بھی قبول کی کہ عوامی حلقوں کی طرف سے انکو بعض اوقات مخاصمت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
'کبھی نہیں کہا کہ 370 کو چین کی مدد سے بحال کیا جائے گا'
مقامی عوام کا کہنا ہے کہ کئی بار انتظامیہ سے گذارش کے بعد بھی انتظامیہ کو ٹس سے مس نہیں ہوتی۔ اس سلسلے میں ای ٹی وی بھارت کے نمائندے نے ایگزیکیٹو افسر میونسیپل کمیٹی اونتی پورہ سے بات کرنی چاہی، تاہم بسیار کوششوں کے باوجود ان سے رابطہ نہیں ہو سکا۔