پلوامہ (جموں کشمیر) : جنوبی کشمیر کے ترال علاقے میں فوج کی جانب سے ایک کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے کی تقریباً 16 ٹیموں نے شرکت کی۔ ترال پریمیئر لیگ کے عنوان سے منعقدہ ٹورنامنٹ کا اہتمام آرمی کے چنار کور نے کیا تھا، جس دوران شالدرمن اور ترال کی ٹیموں نے فائنل میں اپنی جگہ بنالی تھی۔ فائنل مقابلے میں ترال کی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرکے ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا۔
پریمیئر لیگ کے فائنل میچ کا مقابلہ دیکھنے کے لیے مقامی دیہات سے شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعداد جمع ہوئی، جنہوں نے فائنل کے دوران تالیاں بجا کر کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا۔ فاینل میچ کے اختتام پر ایک انعامی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں آرمی افسران اور باقی مہمانوں کی جانب سے کھلاڑیوں کی عزت افزائی کی گئی، اور ان میں انعامات تقسیم کئے گئے۔
مزید پڑھیں: کھیل کود کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ترال میں ٹورنامنٹ کا آغاز
کھلاڑیوں نے فوج کی جانب سے منعقد کیے گئے ایونٹ پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے ترال ٹیم کے کپتان زاہد نایک نے بتایا کہ فاینل کا مقابلہ جیت کر وہ انتہائی خوش ہیں۔ انہوں نے فوج کا کھیل سرگرمیوں کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا اور اپیل بھی کی کہ ایسے ایونٹ مستقبل میں بھی منعقد کیے جائیں، کیونکہ کھیل سرگرمیوں کے فروغ سے منشیات کی بدعت پر قابو پایا جا سکتا ہے۔