جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں آج ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی پلوامہ کی جانب سے جموں و کشمیر لیگل سروسز اتھارٹی کے زیراہتمام محکمہ صحت اور محکمہ سماجی بہبود پلوامہ کے تعاون سے منشیات کے حوالے سے ایک بیداری پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔اس پروگرام میں چیف جسٹس ہائی کورٹ جموں و کشمیر و لداخ جسٹس این کے کوتیسوار نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر جسٹس تاشیل ربستان بھی موجود تھے۔
اس بیداری پروگرام میں ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ بصیرالحق چوہدری اور ایس ایس پی پلوامہ محمد یوسف کے ساتھ ساتھ ضلع کے دیگر ضلع افسران، اسکولی طلبا و طالبات،منشیات کے خلاف کام کرنے والے اداروں اور دیگر طبقہ کے لوگوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پرنسپل اینڈ سیشن جج پلوامہ نصیر احمد ڈار کے علاوہ وکلاء نے اس پروگرام میں شرکت کی۔ اس موقع پر چیف جسٹس کو حفاظتی دستوں نے سلامی پیش کی اور بعد میں چیف جسٹس نے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج پلوامہ اور نیکس علاقے میں چنار کے دو پودے لگائے،اس کے بعد پروگرام کا آغاز ہوا۔ڈسٹرکٹ پرنسپل اینڈ سیشن جج پلوامہ نصیر احمد ڈار نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔اور انہیں ضلع کے حوالے سے تفصیلی جانکاری دی گئی۔
محمکہ صحت کے ماہر نفسیات ڈاکٹر ماجد نے کہا کہ اس وقت جموں وکشمیر کے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں دونوں ہی منشیات کے شکار ہیں، اس وقت اگرچہ یہ تعداد کم ہے لیکن اگر اس کی روکا تھام کے لئے اقدامات نہیں اٹھائے گئے تو یہ ہر گھر اس سے متاثر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ منشیات کے استعمال سے یہاں کے نوجوان محتلف بیماریوں میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ جس کی وجہ سے وہ ہلاک ہوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بے روزگاری عروج پر ہے جس کی وجہ سے نوجوانوں میں منشیات کا استعمال عام ہونے لگا ہے۔ انہوں انتظامیہ سے اپیل کی وہ نوجوانوں کے لئے روزگار کے وسائل پیدا کرے تاکہ نوجوان منشیات سے محفوظ رہے۔
اس موقع پر منشیات کے خلاف کام کرنے والے دیگر افراد نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے اس کی روک تھام سے متعلق امور پر روشنی ڈالی۔ اس آگاہی پروگرام کے انعقاد کا بنیادی مقصد منشیات کے استعمال کے نقصانات کے حوالے سے معلومات کو عام کرنا تھا جو کہ معاشرے کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق اس وقت جموں و کشمیر میں منشیات کے استعمال کے تقریباً 10 لاکھ کیس ہیں۔ جموں و کشمیر میں منشیات کا استعمال ایک بہت سنگین مسئلہ بن گیا ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے چیف جسٹس ہائی کورٹ جموں و کشمیر و لداخ نے کہا کہ منشیات کے مضر اثرات سے لوگوں کو آگاہ کرنا ضروری ہے اس کے لئے سبھی سیاسی سماجی اور دیگر لوگوں کو سامنے آنا چاہیے تاکہ اس بات سے ہم نوجوانوں کو محفوظ رکھ سکیں۔
مزید پڑھیں:NCORD Meeting Held: بڈگام میں منشیات مخالف سرگرمیوں سے متعلق میٹنگ منعقد