ملک بھر میں مہنگائی سے عام عوام کی زندگی سخت مشکلات سے دوچار ہورہی ہے۔ مہنگائی کو لے کر ضلع پونچھ میں نیشنل کانفرنس کے بلاک صدر عبدالاحد بٹ نے کہا کہ گزشتہ ماہ جنوری میں قریب 07 روپیہ ڈیزل اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہواہے۔ اس کے علاوہ جو دالیں، گھی، تیل، چائے، غرض تمام تر اشیاء خوردنی کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ نے عوام بالخصوص غریبوں کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے۔ یہاں تک کہ بعض غریب اس وقت بھوک مری کا شکار ہورہے ہیں۔
اس کے علاوہ دکاندار بھی پریشان ہوچکے ہیں۔ جو سامان ایک لاکھ روپے میں آتا تھا وہ اب ڈیڑھ لاکھ سے بھی زیادہ میں دستیاب ہوتا ہے۔
دکاندار مہنگائی کے سبب بینکوں میں قرض کی ادائیگی نہیں کر پارہے ہیں۔ دکاندار پرویز احمد خان نے کہا کہ اس وقت دکاندار برادری اپنا کاروبار ٹھپ ہوتے دیکھ کر دکانداری کو خیر آباد کہنے پر مجبور ہے۔
انہوں نے مرکزی سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ملک بھر کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر میں بھی مہنگائی کی مار سے عوام کو بچانے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ذرائع پیدا کریں ورنہ عوام سڑکوں پر آکر سرکار کے خلاف محاذ کھولے گی اور زور دار احتجاج کرنے پر مجبور ہوگی۔