مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کے تحصیل منڈی کے بلاک ساتھرہ کے مضافاتی علاقہ جندرولہ کے لوگوں نے ضلع انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس دوران مظاہرین نے کہا کہ جندرولہ کے محلہ دیھدڑاں نالی وارڈ نمبر چار کے لوگوں کی گزشتہ کئی عرصہ سے یہ مانگ تھی کہ اس علاقہ کے لیے سڑک کی تعمیر کی جائے، تاکہ وارڈ نمبر چار کے لوگ سڑک سے استفادہ حاصل کرسکیں اور ان کی پریشانی کا ازالہ ہوسکے۔
مظاہرین نے کہا کہ اس معاملے کو ڈی ڈی سی ساتھرہ تعظیم اختر کے سامنے اجاگر کیا۔ انہوں نے عوام کی اس مشکلات اور پریشانی کو دیکھتے ہوئے جندرولہ کے محلہ دیھدڑاں نالی کے لیے ایک کلو میٹر سڑک منظور کروائی گئی۔ جس کے بعد سڑک کا کام محکمہ تعمیرات عامہ کے زیر اہتمام شروع کیا گیا۔ جس سے مقامی لوگوں میں خوشی کی لہر پائی جارہی تھی کہ اب سڑک کی سہولیات علاقہ میں پہنچ جانے سے لوگوں کی پریشانیوں کا ازالہ ہوگا۔ لیکن بدقسمتی سے محکمہ تعمیرات عامہ کے زیر اہتمام شروع کیے گیے اس سڑک کے کام کو متعلقہ محکمہ اور ٹھیکیدار کی جانب سے ادھا ادھورا چھوڑ دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سڑک ایک کلو میٹر تک بنائی جانی تھی، لیکن زمینی سطح پر صرف 270 میٹر تک سڑک کی کٹائی کی گئی ہے۔ لوگوں کی زمینیں بھی چلی گئی اور سڑک بھی پایا تکمیل تک نہ پہنچ سکی۔ مظاہرین نے مزید کہا کہ اس سڑک کے تعمیری کام کے لیے دس لاکھ روپے منظور ہوئے تھے لیکن زمینی صورت حال یہ ہے کہ کام رقومات خرد برد کرکے ادھورا کام چھوڑ کر ٹھیکیدار مشین لے کر یہاں سے چلا گیا ہے۔
انہوں نے ضلع انتظامیہ پونچھ سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جلد از جلد اس معاملے کی تحقیقات کی جائے تاکہ لوگوں کے ساتھ انصاف کا معاملہ ہوسکے اور اگر اس کی تحقیقات نہیں کی گئی تو آئیندہ لوگوں کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں:Construction of Swinad Road : سویناڈ سڑک کی تعمیر کے لئے اقدامات شروع، ڈی ڈی سی رُکن منظور گنائی