پونچھ: جموں و کشمیر کے پونچھ ضلع میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب سنیچر کی صبح ایک بارودی سرنگ پھٹ گئی۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ حکام نے بتایا کہ بارودی سرنگ صبح 4 بجے کے قریب دیگوار علاقے کے تروان گاؤں میں کھوکھری پوسٹ کے قریب پھٹ گئی۔ اس دوران وہاں موسلا دھار بارش ہورہی تھی۔
بارودی سرنگ میں دھماکے کی اطلاع ملتے ہی فوج کے جوانوں نے فوری طور پر علاقے کی تلاشی لی، تاہم عسکریت پسندوں سے متعلق ایسا کوئی مواد برآمد نہیں ہوا۔
فوجی ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران معلوم ہوا ہے کہ زیر زمین بارودی مواد زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا ۔انہوں نے مزید کہاکہ دھماکے میں کسی کے زخمی یا ہلاک ہونے کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں: Narcotics Recovered On LOC راجوری میں ایل او سی پر منشیات کی کھیپ برآمد، پولیس
بتادیں کہ بارودی سرنگ کے دھماکوں نے گزشتہ چند دہائیوں کے دوران جموں، اور کشمیر میں سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور عام شہریوں کی جانیں لی ہیں. وہیں ہزاروں لوگ ان دھماکوں کے بعد معذوری کی زندگی گزار رہے ہے۔ ایک اندازے کے مطابق پاکستان نے جموں و کشمیر کے سرحوں پر 1965 اور 1971 کی جنگوں میں ہزاروں بارودی سرنگیں بچھائی تھیں،اگرچہ یہ جنگیں ختم ہو چکی ہیں تاہم یہ بارودی سرنگیں آج بھی زمین کے نیچے دبے ہوئے ہیں اور جب بھی ان سرنگوں پر کوئی بھی قدم رکھتا ہے تو یا تو وہ عمر بھر کیلئے معذور ہو جاتا ہے یا موت کی آغوش میں چلا جاتا ہے۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 8 دسمبر 2005 کو ہر سال 4 اپریل کو سرنگوں سے متعلق آگاہی کا عالمی دن منانے کا اعلان کیا۔