بھونیشور: ریاست اڈیشہ میں جاج پور ضلع کے دھرم شالہ تھانہ علاقے میں نیشنل ہائی وے-16 پر ہفتہ کی صبح ایک بھیانک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں سات لوگوں کی موت ہو گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب کولکاتہ سے آنے والا ایک ٹرک نیلا پور سنٹرل بینک کے قریب سڑک کے کنارے کھڑے دوسرے ٹرک سے ٹکرا گیا۔ یہ ٹرک ایک دن پہلے جمعہ کو حادثے کا شکار ہونے کے بعد سڑک پر کھڑا کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے میں چھ افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، جبکہ ایک دوسرے نے اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا۔ یہ سبھی کولکاتہ علاقے کے رہنے والے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: MP Road Accident امت شاہ کی ریلی سے واپس لوٹ رہی بس حادثے کی شکار، چودہ افراد ہلاک
ہلاک ہونے والوں میں ٹرک کا ڈرائیور بھی شامل ہے جس نے سڑک پر کھڑے ٹرک کو پیچھے سے ٹکر مار دی تھی۔ اطلاع ملنے پر چندیکھول سے فائر بریگیڈ کے عملے نے چھ لاشیں نکالیں اور اہلکاروں نے ایک شدید زخمی کو قریبی اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ حادثے کے بعد، آس پاس کے گاوں کے مشتعل لوگوں نے سڑک کے کنارے کھڑے ٹرک کو ہٹانے میں پولیس کی ناکامی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے روڈ جام کر دیا۔ پولیس کی مداخلت اور روڈ بلاک ہٹانے کے بعد ٹریفک بحال ہوگئی۔ حادثے میں ہلاک ہونے والے تمام سات افراد کولکتہ کے رہنے والے تھے۔ وہ مغربی بنگال سے ٹرک کے ذریعے آرہے تھے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی چندی کھول فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائی شروع کی۔
یو این آئی