بھونیشور: جموں اور کشمیر یونین ٹیریٹری کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ریاست اڈیشہ کے دورے پر ورلڈ سکل سنٹر کا دورہ کیا۔ انہوں نے بھونیشور میں واقع بھارت کے اس اہم ہنر بخش مقام پر آفر کیے جانے والے مختلف کورسز کے بارے میں طلباء کے ساتھ بات چیت کی۔ لیفٹیننٹ گورنر نے یہاں مختلف اور جدید لیبارٹریز کا بھی دورہ کیا۔ قبل ازیں لیفٹیننٹ گورنر کا ورلڈ سکل سنٹر (WSC) پہنچنے پر والہانہ استقبال کیا گیا اور انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
اس موقع پر ایل جی منوج سنہا نے کہا: ’’ملک سمیت سبھی ریاستوں کی ترقی کے لیے باصلاحیت نوجوانوں کی ضرورت ہے۔ مجھے ورلڈ اسکل سنٹر کو اس سلسلے میں بڑا کردار ادا کرتے ہوئے دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔ یہاں، اڈیشہ کے نوجوانوں کو ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور بروئے کار لانے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا گیا ہے، جو کہ کافی خوش آئند ہے۔ اور یہاں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو صنعتی ضروریات کے مطابق ڈھالنے کے لیے نوجوانوں کو تربیت فراہم کر کے نئی بلندیوں تک پہنچایا جاتا ہے۔‘‘ منوج سنہا نے اتنے بڑے انفراسٹرکچر کے لیے اوڈیشہ حکومت اور ITEES سنگاپور کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے WSC میں سکول آف انجینئرنگ اور سکول آف سروسز کے تحت پیش کیے جانے والے مختلف کورسز کے لیے منتظمین کی ستائش کی۔
قابل ذکر ہے کہ ورلڈ سکل سنٹر میں تعلیمی سال 2023-24 سے سکول آف انجینئرنگ (SoE) کے تحت عمودی نقل و حمل پر ایک نیا کورس متعارف کرایا گیا ہے۔ اس کے پیش نظر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، ایس او ای کے مختلف محکموں بشمول الیکٹریکل ٹکنالوجی، میکیٹرونکس، مکینیکل اور برقی خدمات کے محکمہ جات کا دورہ کیا۔ وہ نوجوانوں کی مہارت کی نشوونما کے لیے وہاں مہیا کیے گئے مختلف الٹرا ماڈرن آلات کو دیکھ کر کافی خوش ہوئے۔