اورنگ آباد: ریاست مہاراشٹر میں ونچیت بہو جن آگھاڑی کی جانب سے جلسے کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ونچیت بہو جن آگھاڑی آئندہ لوک سبھا انتخابات میں مودی کو شکست دینے کے لیے پوری طرح سے تیار ہے۔ ونچیت نے متبادل کے طور پر مہاو کاس آگھاڑی کو فارمولہ دیا ہے۔
مہاوکاس آگھاڑی میں شامل شیوسینا ( ادھو بالا صاحب ٹھا کرے ) این سی پی ( شرد پوار گروپ) کانگریس اور ونچیت ان چار پارٹیوں کو مہاراشٹر کی کل 48 لوک سبھا سیٹوں میں سے12۔12 سیٹیں برابر دی جائیں۔ ونچیت بہوجن آگھاڑی کی ریاستی صدر ریکھا تائی ٹھاکر نے پریس کانفرنس میں اس طرح کا بیان دیا۔ اس موقع پر ترجمان فاروق احمد کے علاوہ دیگر عہد داران موجود تھے۔
ریکھا ٹھاکر نے مزید کہا کہ کانگریس پچھلے الیکشن میں صرف ایک سیٹ جیتنے میں کامیاب رہی تھی۔ شیو سینا اور این سی پی پارٹیوں کے درمیان پھوٹ پڑنے کی وجہ سے یہی فارمولہ مودی کو شکست دینے میں کامیابی دلا سکتا ہے۔ ورنہ اس کے علاوہ ایسی کوئی سیاسی صورتحال نہیں ہے کہ مودی اور بی جے پی کو اقتدار پر دوبارہ قبضہ کرنے سے روکا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:کانگریس کل ناگپور میں بجائے گی لوک سبھا انتخابات 2024 کا بگل
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مہاوکاس آگھاڑی کو غور کرنا چاہئے۔دو ہفتوں کے اندر رپورٹ دینا چاہئے کیونکہ وقت بہت کم ہے۔ اگر وانچت کو 12 نشستیں ملتی ہیں تو تین نشستوں پر مسلم امیدواروں کو اتارا جائے گا۔جبکہ باقی نشستیں او بی سی ، وی جے این ٹی اور دیگر برادریوں کے امیدواروں و پسماندہ طبقات کو دی جائیں گی۔