کتابوں کے اسٹال پر این آر سی، قرآن کی تفاسیر، شیواجی مہاراج و مسلمان جیسی کتابیں کتب بینوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔
ممبئی کے علاقے ممبرا میں اردو کتابی وادبی میلہ کے دوسرے روز بھی اسکول کے طلبا وطالبات کی کافی تعداد رہی اور اسٹالوں پر خریداروں کی زبردست بھیڑ دیکھنے کو ملی۔
کتاب میلے میں سب سے زیادہ قرآن کے تفاسیر، تراجم، این آرسی اور شیواجی مہاراج و مسلمان جیسے مضامین کی کتابیں قارئین کی توجہ کا مرکز بنیں رہیں۔
میلہ میں ادبی و ثقافتی پروگراموں کا سلسلہ بھی جاری ہے، ان دو دنوں میں اب تک ممبرا کی ادبی کہکشاں، اردو کا مذہبی ادب، تمثیلی مشاعرہ جیسے پروگرام منعقد کیے جاچکے ہیں ۔
ممبرا شہر میں واقع مولانا ابوالکلام آزاد اسپورٹس اسٹیڈیم میں جاری پانچ روزہ اردو کتابی و ادبی میلہ کے دوسرے روز کتابوں کے شائقین کی زبردست بھیڑ نظر آئی۔
یہاں موجود 80 سے زائد اسٹال پر قرآن کے تفاسیر، تاریخ اسلام ، تاریخ ہند ، جنگ آزادی میں مسلمانوں کا رول جیسی کتابیں نمایاں طور پر قارئین کو راغب کرنے میں کامیاب ہیں۔
اسی طرح سعید حمید کی لکھی ہوئی کتاب شیواجی مہاراج و مسلمان جیسی کتابیں خریدتے لوگ نظر آئے، آج صبح سے ہی اسکولوں کی بسوں اور طلبہ کی بھیڑ لگی ہوئی تھی۔
ممبرا ، بھیونڈی ، تھانے ، و مضافات کی اسکولوں کے طلبہ کا لگاتار آنا جانا لگا ہوا ہے، طلبہ کے ساتھ ان کے اساتذہ ، والدین و سرپرست کثیر تعداد میں شام تک میلے میں دکھائی دیتے ہیں۔
اسی طرح شہر کی سیاسی و سماجی شخصیات کا بھی دورہ جاری ہے، ہفتہ کی صبح ممبرا پربھاگ سمیتی کی چیئرپرسن عشرین ابراہیم راوت نے دورہ کیا، جب کہ پروگرام کے سلسلہ میں بھیونڈی کے معروف عالم دین مولانا ابو ظفر حسان ندوی و دیگر علمائے کرام نے میلہ کا دورہ کیا۔