مالیگاؤں: ریاست مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں میں مرکزی حکومت کی جانب سے منظور شدہ اٹل امرت یوجنا کے تحت ریاستی حکومت کے اشتراک سے انڈر گراؤنڈ گٹر اسکیم کے تعمیری کام کا ٹینڈر مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن نے جاری کیا ہے۔ جس میں رفتہ رفتہ بڑے پیمانے پر بدعنوانی کی کوشش کی گئی ہے۔
جسے راشٹروادی کانگریس پارٹی کے ضلعی صدر آصف شیخ رشید و پارٹی کے ذمہ داروں نے بھانپ لیا اور گزشتہ چھ سات مہینوں سے آصف شیخ نے کارپوریشن کمشنر و سیاسی سرپرستی کو بے نقاب کرتے ہوئے، ٹھیکہ داروں کی ملی بھگت سے 110 کروڑ روپے لوٹنے کی تیاری کو ناکام بنایا ہے۔ اس ضمن میں کمشنر کی بدعنوانی کے خلاف مالیگاؤں تا ممبئی دہلی اور پھر منی پور تک ثبوت و شواہد کیساتھ لڑائی لڑی گئی، بالآخر مالیگاؤں کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر و کمشنر بھال چندر گوساوی کو مالیگاؤں سے باہر جانا پڑا اور انکا تبادلہ کردیا گیا۔
غور طلب ہو کہ اس دوران آصف شیخ اپنی لڑائی میں سرگرم رہے اور آج اہل مالیگاؤں کو بڑی کامیابی ملی ہے۔ اس لئے کہ آج مالیگاؤں کارپوریشن نے 500 کروڑ روپے کے انڈر گراؤنڈ گٹر اسکیم ٹینڈر نوٹس کو منسوخ کر دوبارہ ٹینڈر نوٹس جاری کردیا ہے۔ اس سلسلے میں آصف شیخ نے اس عظیم لڑائی پر ملنے والی کامیابی کا سہرا مالیگاؤں کی عوام کے نام کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
- مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کی بڑی بدعنوانی اجاگر: سابق رکن اسمبلی
- مسلمانوں کے لئے پانچ فیصد ریزرویشن: سماجوادی پارٹی کی سائیکل ریلی
انہوں نے اہل مالیگاؤں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ آج شہریان مالیگاؤں کو 110 کروڑ روپے لوٹنے سے بچا لیا گیا ہے اور کارپوریشن کمشنر و سیاسی سرپرستی میں جاری بدعنوانی کو پورے شہر کے سامنے بے نقاب کیا گیا ہے۔ یہ آصف شیخ رشید کی جہد مسلسل اور سخت عوامی لڑائی کا نتیجہ ہے کہ آج اہل مالیگاؤں کو یہ شاندار کامیابی ملی ہے۔ جس سے عوامی خزانے کا 110 کروڑ ڈوبنے سے بچ گیا ہے۔ اس طرح کی تفصیلات آصف شیخ کے توسط سے اس لڑائی میں معاونت کررہے شکیل جانی بیگ و اسلم انصاری نے دی۔