ریاست مہاراشٹر میں جاری سیاسی بحران کے درمیان شیوسینا، این سی پی اور کانگریس نے اپنے اپنے ارکان اسمبلی کو ہوٹل حیات میں یکجا کر کے واضح کیا کہ ان کے پاس اکثریت ہے اور وہ حکومت سازی کے اہل ہیں۔
شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ 'ہمارے اراکین اسمبلی کی تعداد اتنی ہوگئی ہے کہ اب ہم سب ایک فوٹو میں نہیں آ رہے ہیں اور اب ہم بتائیں گے کہ شیوسینا کیا چیز ہے۔'
اس کے علاوہ این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے کہا کہ 'بی جے پی نے غلط طریقے سے حکومت بنائی ہے۔ ہم پانچ برس کے لیے نہیں بلکہ 50 برس کے لیے آئے ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ 'یہ مہاراشٹر ہے گوا نہیں جو بی جے پی غلط طریقے سے حکومت بنا لے گی۔'
شرد پوار نے مزید کہا کہ 'اجیت پوار نے سب کو گمراہ کیا ہے۔ اب وہ کوئی فیصلہ نہیں لے سکتے اور اب اجیت پوار کے خلاف کارروائی کی جائے۔'
اس گیٹ ٹو گیدر پروگرام میں تمام ارکان اسمبلی کو عہد دلایا گیا کہ 'ہم قسم کھاتے ہیں کہ ہم شرد پوار، سونیا گاندھی اور ادھو ٹھاکرے کی سربراہی میں کام کریں گے اور پارٹی کے ساتھ ایماندار رہیں گے۔'