ممبئی: ممبئی کی دہیسر پولیس نے پیر کو شیو سینا (ادھو ٹھاکرے گروپ) کے رہنما سائیناتھ دُرگے کو شیو سینا کے ایم ایل اے پرکاش سروے اور ایک خاتون لیڈر کے جعلی ویڈیو کے سلسلے میں پوچھ گچھ کے بعد گرفتار کرلیا ہے۔ ممبئی پولیس کے مطابق قابل اعتراض ویڈیو وائرل ہونے کے معاملے میں پولیس نے اب تک 6 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ اس سے قبل پیر کو ممبئی کی ایک عدالت نے شندے گروپ کی خاتون لیڈر کی ویڈیو بنانے کے الزام میں گرفتار چار ملزمین کو 15 مارچ تک پولیس کی تحویل میں بھیج دیا۔ دہیسر پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ چاروں گرفتار افراد کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے انہیں 15 مارچ تک پولیس کی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔
مہاراشٹر حکومت نے اس معاملے کی جانچ کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی ہے۔ ریاستی وزیر شمبھوراج دیسائی نے پیر کو اسمبلی میں کہا کہ مہاراشٹر حکومت نے شیو سینا کے ترجمان کے ویڈیو کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی تحقیقات کے لیے ایک ایس آئی ٹی تشکیل دی ہے۔ اطلاعات کے مطابق، آئی پی ایس افسران کی قیادت میں سائبر پولیس کی مدد سے چھ ٹیمیں اس معاملے کی جانچ کرے گی۔ ریاستی وزیر شمبھوراج دیسائی نے اسمبلی میں کہا کہ اس معاملے میں اب تک چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق چار ملزمین میں سے ایک کا تعلق ٹھاکرے گروپ کی سوشل میڈیا ٹیم سے ہے۔ دہیسر پولیس نے کہا کہ وہ اس معاملے میں ادھو گروپ کی یووا سینا کی کور کمیٹی کے رکن سائیناتھ درگے سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
بتا دیں کہ سنیچر کی شام دہیسر میں ایک ریلی کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس ریلی میں مہاراشٹر کے وزیر اعلی ایکناتھ شندے نے بھی شرکت کی تھی۔ ریلی کے دوران کچھ لوگوں نے خاتون لیڈر کے ساتھ ایم ایل اے پرکاش سُروے کا ویڈیو بنایا تھا۔ ممبئی پولیس نے کہا کہ ان پر یہ الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے بیک گراؤنڈ میں چلنے والے ایک فحش گانے کے ساتھ ویڈیو کو ایڈٹ کیا اور اسے انٹرنیٹ پر وائرل کردیا۔ سنیچر کی رات ویڈیو وائرل ہونے کے بعد شیوسینا (شندے گروپ) کے لیڈران و کارکن دہیسر تھانے پہنچے اور ملزمین کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : Jitendra Awhad : جتیندر اوہاڈ کے چھ کارکنان کو شہر بدر کی نوٹس جتیندر اوہاڈ نے خطرناک انجام کی دھمکی دی
خاتون لیڈر کی شکایت کی بنیاد پر پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 354، 509، 500، 34 اور 67 کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے میں اور میرے ساتھیوں نے وزیر اعلی ایکناتھ شندے کے ساتھ کام کرنا شروع کیا ہے تب سے مجھ پر مسلسل حملے کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ہمارے مقامی ایم ایل اے پرکاش سروے، وزیر اعلی ایکناتھ شندے اور بی جے پی کے کئی لیڈران اس ریلی میں موجود تھے۔ کسی نے ویڈیو شوٹ کر کے اس کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی اور اسے سوشل میڈیا پر وائرل کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسی چیزیں ہوتی ہیں تو خواتین سیاست میں نہیں آئیں گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ گرفتار کیے گئے دو ملزمین ٹھاکرے گروپ سے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ میں نے پولیس میں شکایت درج کرائی ہے جس کے بعد ان میں سے دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ وہ ٹھاکرے گروپ کے عہدیدار ہیں۔