یہاں پر پہلے سے ہی کانگریس کے سینیئر رہنما اشوک چوہان، بالاصاحب تھورات اور سشیل کمار شندے، ملک ارجن کھڑگے کے ساتھ موجود ہیں۔
سپریم کورٹ نے اتوار کو مہاراشٹر حکومت، ریاستی وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس، نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار اور مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کر کے اراکین اسمبلی کے حمایت کے خط اور دیگر دستاویز پیر کو ساڑھے دس بجے تک پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔
عدالت عظمیٰ نے این سی پی، شیوسینا اور کانگریس کی عرضی پر سماعت کی جس میں ریاست میں بی جے پی کی قیادت میں تشکیل کردہ حکومت پر اعتراض کیا گیا۔
جسٹس این وی رمنا، اشوک بھوشن اور سنجیو کھنہ پر مشتمل تین رکنی بینچ نے سولیسیٹر جنرل تشار مہتا سے مہاراشٹر کے گورنر کے خط کے ساتھ متعلقہ دستاویز پیش کرنے کو کہا۔
واضح رہے کہ مہاراشٹر میں حکومت سازی کے تعلق سے جاری تعطل کے درمیان سنیچر کو علی ا لصبح دیویندر فڑنویس نے وزیراعلیٰ کے طور پر دوسری بار حلف لیا جبکہ این سی پی کے رہنما اجیت پوار نے نائب وزیراعلیٰ کے طور پر حلف لیا جس کے بعد ریاست میں سیاسی ہلچل مزید تیز ہوگئی اور اب معاملہ عدالت میں پہنچ چکا ہے۔