پونے کے ایک پیٹرول پمپ میں ملازمین کی غیرموجودگی سے گاہکوں کو ہو رہی تاخیر کو نظر میں رکھتے ہوئے ایسا کیا گیا۔ اب گاہک کسی مدد کے بغیر اپنی گاڑیوں میں پیٹرول بھرسکیں گے۔
ایسا کرنے سے پیٹرول پمپ میں عملہ کے ذریعہ ہو رہی بدعنوانی جیسے مشین سے چھیڑچھاڑ و دھوکہ دہی کے واقعات میں کمی آنے کی بھی توقع کی جا رہی ہے۔
پیٹرول پمپ انتظامیہ کے مطابق صارفین کو چوری سے بچانے اور ان کے وقت کی بچت کے لیے اس طرح کا تجربہ کیا جا رہا ہے۔
پونے کے آر ٹی او چوک پر واقع یہ پیٹرول پمپ خود ہی سے پیٹرول بھرنے کا موقع اپنے صارفین کو فراہم کر رہا ہے۔
پیٹرول پمپ پر پہلی بار آنے والوں کو پہلے ہینڈ سینیٹائزر دیا جاتا ہے اور پھر ایک ملازم کی جانب سے پیٹرول کس طرح گاڑیوں میں بھرا جاتا ہے اس کی تربیت دی جاتی ہے تاکہ آئندہ سے گاہک اپنی گاڑی میں خود پیٹرول بھر سکے۔
پیٹرول پمپ انتظامیہ نے مزید کہا کہ صارفین کے تمام شکوک و شبہات کو دور کرنے کے لیے یہ تجربہ کیا جارہا ہے جبکہ ہمارا مقصد صارفین میں اعتماد پیدا کرنا ہے اور ہمیں گاہکوں کی جانب سے اچھا ردعمل موصول ہو رہا ہے۔