مہاراشٹر کے شہر مالیگاؤں میں تنظیم مالیگاؤں ڈیولپمنٹ فرنٹ کی جانب سے سی اے اے کے خلاف احتجاج کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق بھارتی وزارتِ داخلہ کی جانب سے ایک حکم نامہ جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ پڑوسی ممالک سے آنے والے مسلمانوں کو چھوڑ کر تمام غیر مسلموں کو بھارت کی شہریت دینے کا کام شروع کیا جائے۔
اس کے پیشِ نظر گجرات، چھتیس گڑھ، پنجاب، ہریانہ اور راجستھان میں اس کا نفاذ کیا جارہا ہے۔
اس سلسلے میں ریاست مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگاؤں کی تنظیم مالیگاؤں ڈیولپمنٹ فرنٹ نے 9 جون 2021 کو لاک ڈاؤن کا خیال رکھتے ہوئے سی اے اے کے نفاذ کے خلاف احتجاج کیا۔
اس دوران ایم ڈی ایف کے ذمہ داران نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ پھر سے شاہین باغ تیار کئے جائیں۔ اس جمہوری ملک میں جو قانون بنائے جائیں وہ سبھی کے لئے ہونے چاہیے، لیکن موجودہ حکومت خصوصی طور پر مسلمانوں کو نشانہ بنارہی ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ حکومت ملک میں بھگوا راج قائم کرنا چاہتی ہے۔ جو بھارت کے عوام کے لئے بالکل برداشت نہیں ہے۔