اندرون 24 گھنٹہ پی ایم سی بینک کے دوسرے اکاؤنٹ ہولڈر کی دل کا دورہ پڑے کے سبب موت واقع ہوئی ہے۔
مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی کے رہنے والے فٹولال کی پنجابی کے اہلخانہ کا الزام ہے کہ' وہ پی ایم سی بینک میں جاری مسائل سے کافی پریشان اور ذہنی تناؤ کا شکار ہوگئے تھے اور یہی ان کے دل کا دورہ پڑنے کی وجہ بنی۔
واضح رہے کہ دو دن قبل بھی جیٹ ایئرویز کے 51 سالہ سابق ملازم سنجئے گلاٹی کی دل کا دورہ پڑنے کے سبب موت واقع ہوئی تھی۔
گلاٹی نے ممبئی کے اوشیوارہ علاقے میں واقع پی ایم سی بینک کی برانچ میں 90 لاکھ روپئے جمع کیے تھے، اس تعلق سے پیر کے روز پی ایم سی بینک کے سیکڑوں اکاؤنٹ ہولڈرز نے احتجاج بھی کیا اور اس احتجاج میں گلاٹی بھی شامل تھے۔
لیکن احتجاج کے چند گھنٹوں بعد ہی ان کی موت واقع ہوگئی تھی۔
ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے گزشتہ ماہ اینڈ پی ایم سی بینک پر کسی بھی طرح کے تجارتی لین دین کی پابندی عائد کر دی تھی۔ آر بی آئی کے اس قدم سے بینک کے سرمایہ کاروں اور شہر میں تجارتی طبقہ کو زبردست جھٹکا لگا تھا کیونکہ آر بی آئی کی ہدایات کے مطابق اکاؤنٹ ہولڈرس بینک سے اپنے سیونگ، کرنٹ یا دیگر کسی اکاؤنٹ سے ایک ہزار روپے سے زیادہ نہیں نکال سکتے تھے۔
پی ایم سی بینک پر آر بی آئی کی پیشگی اجازت کے بغیر قرض اور پیشگی رقم دینے یا رینیو کرنے، کسی بھی طرح کی سرمایہ کاری کرنے، تازہ ڈپازٹ قبول کرنے پر روک لگا دی گئی ہے۔ آر بی آئی کے اس فیصلے کے بعد بینک کے اکاؤنٹ ہولڈرز کافی پریشان ہیں اور سخت ذہنی تناؤ کا شکار ہیں۔
خیال رہے کہ مہاراشٹر، دہلی، کرناٹک گوا، گجرات، آندھرا پردیش اور مدھیہ پردیش میں پی ایم سی کے کل 137 برانچ ہیں۔ پی ایم سی پر مالی بے ضابطگی کا الزام ہے جس کی وجہ سے آر بی آئی نے اس پر پابندی عائد کی ہے۔