مجلس اتحاد المسلمین کے رہنما وارث پٹھان نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'میرا مقصد کسی طبقہ کے جذبات کو مجروح کرنا نہیں تھا اور میرا بیان مخالف ہندو نہیں تھا۔'
انہوں نے پریس کانفرنس میں استدلال پیش کیا کہ 'میڈیا نے ان کے بیان کو توڑمروڑ کر پیش کیا ہے اور انہیں قوم دشمن کی حیثیت سے پیش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ ان کا بیان کسی بھی طرح سے فرقہ پرستی پر مبنی نہیں تھا۔'
سابق رکن اسمبلی نے کہا کہ 'میں اور میری پارٹی کسی بھی طرح سے ذات پات اور مذہب کی بنیاد پر لوگوں میں تفریق پیدا کرنے کی حمایت نہیں کرتی۔'
انہوں نے کہا کہ 'متنازع قانون سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف ملک بھر میں پرامن احتجاج جاری ہے۔'
وارث پٹھان نے گلبرگہ میں 15 فروری کو مخالف سی سی اے احتجاجی جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ 'ہم 15 کروڑ ہے اور 100 کروڑ پر بھاری ثابت ہوں گے۔' متنازع بیان کے بعد مختلف حلقوں سے ان پر تنقیدیں کی جارہی ہیں۔ مجلس اتحاد المسلمین نے بھی ان پر پابندی عائد کرتے ہوئے میڈیا سے دور رہنے کی ہدایت دی ہے۔