اورنگ آباد کی معروف ادبی آرگنائزیشن امید فاؤنڈیشن کی جانب سے یوم جمہوریہ کی مناسبت سے کل ہند مشاعرے کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس مشاعرے کی صدارت معروف شاعر نواز دیوبندی نے کی ، اسی طرح نظامت کے فرائض معروف شاعر ندیم فرخ نے بڑی خوش اسلوبی سے انجام دیئے ، مشاعرے میں ملک کی مختلف ریاستوں کے نامور شعرا نے شرکت کی خواتین شعرا میں نغمہ نور اور قمر سرور نے حصہ لیا اور اپنے کلام پر سامعین کی خوب داد و تحسین حاصل کی۔
مشاعرے کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہیکہ وسیع ترین وی ایم ہال اپنی تنگ دامنی کا شکوہ کررہا تھا۔ سامعین میں مرد حضرات کے علاوہ خواتین بھی شامل تھی۔ اردو زبان کے مشہور شاعر نواز دیوبندی نے اس مشاعرے کی صدارت کی۔ اس مشاعرے میں اقبال اشہر (دہلی)، شکیل اعظمی (ممبئی)، ندیم فرخ (اتر پردیش)، کنور جاوید (راجستھان ) سنیل کمار تنگ (بہار) ، زبیر علی تابش (ایم پی )، نعیم فراز (اکولا) ، نغمہ نور (کلکتہ) ، انور امان (آگرہ)، شاہد نور (کلکتہ)، قمر سرور (احمد نگر ) ، طحہ صدیقی ( پر بھنی)، یوسف دیوان (ممبئی)، فاروق شمیم (اور تنگ آباد ) اور احمد اور نگ آبادی ( اورنگ آباد ) نے اپنا کلام پیش کیا۔
اس مشاعرے کے لئے منتخب کیے گئے ان بین الاقوامی شہرت یافتہ شعراء کا انتخاب مبین ٹوپی والا نے کیا۔ رات دو بجے تک شہریان اورنگ آباد نے اس مشاعرے کی محفل سے لطف اندوز ہوئے۔ پروگرام کا تعارف عبدالغفار خان نے کیا۔ ڈاکٹر شعیب ہاشمی نے ایوارڈ یافتہ افراد کا تعارف پیش کیا۔ اس پروگرام کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر سہیل ذکی الدین نے اور اظہارِ تشکر ذکی الدین صدیقی (مشوسر ) نے ادا کیا۔
تقریب میں شہر کے کئی نامور لوگوں نے شرکت کی امید فاؤنڈیشن کا یہ تیسرا مشاعرہ تھا ، اس سے پہلے دو کامیاب مشاعرے ہوچکے ہیں۔