مہاراشٹر میں مسلم اکثریتی شہر مالیگاوں کے وارڈ نمبر چار میں بسم اللہ باغ میں گزشتہ دنوں آتشزدگی کا خوفناک واقعہ پیش آیا تھا جس میں تقریباً چار پاورلوم کارخانے آگ کی زد میں آ گئے تھے اور ان کارخانوں میں موجود لاکھوں کا سامان جل کر راکھ ہو گیا تھا۔
مقامی لوگوں نے آگ لگنے کی سب سے بڑی وجہ یہ بتائی کہ اس علاقے میں ناجائز تجاوزات، بے ترتیب نصب کئے گئے الیکٹرک پول ہیں جس کی وجہ ہے کہ جب آگ معمولی پیمانے پر تھی تب ہی فائر بریگیڈ کی گاڑی یہاں پہنچ گئی تھی لیکن مذکورہ مسائل کے سبب فائر بریگیڈ کی گاڑی جائے واقعہ پر پہنچ نہ سکی اور آگ نے مزید شدت اختیار کرلی تھی۔
اس تعلق سے مالیگاوں شہر کی فعال سماجی تنظیم حفاطت گروپ کے اراکین نے آگ متاثرین کی ڈھارس بندھائی اور محکمہ بجلی کے افسران کو طلب کرکے راستے پر لگے تمام بے ترتیب الیکٹرک پولز و وائر کو درست کرنے کا مطالبہ کیا۔
جس کے بعد محکمہ بجلی نے اپنے نمائندوں کو بھیج کر بے ترتیب الیکٹرک پولز و وائر کو درست کرنے کا کام شروع کردیا ہے۔
حفاظت گروپ کے ذمہ داران عارف نوری، خان باقر حسین، سرفراز وائرمین، مولانا عبدالرشید مجددی، تصور علی، اسلم ٹکڑے والا سمیت متعدد افراد اس موقع پر موجود رہے۔