آج جاری سرکاری اعداد و شمار کے تجزیہ سے پتہ چلتا ہے کہ چین میں جہاں 2019 کے آخر میں اس وائرس نے سر اُبھارا تھا، وہاں پائے جانے والے مریضوں کے مقابلے ممبئی میں پائے گئے مریضوں کی تعداد 2000 سے زائد ہو چکی ہے، اسی طرح ممبئی میں چین کے مقابلے میں اس مرض سے 300 سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔
کوویڈ-19 سے متعلق جاری اعداد شمار کے مطابق ملک کے تجارتی دارالحکومت ممبئی میں کورونا کے پھیلاو کی پریشان کن پیشرفت کے بعد اس وقت 85724 مصدقہ مریض ہیں جبکہ چین میں یہ تعداد 83565 ہے۔ اسی طرح ممبئی میں ابتک فوت ہونے والوں کی تعداد 4938 ہے، اور چین میں اس مرض سے مرنے والوں کی تعداد 4634 ہے۔
کورونا وائرس سے متاثرہ بین الاقوامی درجہ بندی کے مطابق ممبئی اب 22 ویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔چین میں نئے مریضوں کے پائے جانے کا معاملہ اب صرف ایک ہندسے تک محدود ہو گیا ہے، جو ممبئی کی کچی بستی دھاراوی میں روزانہ درج کی جانے والی تعداد سے کم ہے۔
حالانکہ ریاست اور شہری انتظامیہ کے ذریعہ نافذ کیے جانے والے سخت اقدامات کے باوجود، اس ایشیاء کی سب سے بڑی کچی آبادی میں یہ اضافہ باعث تشویش ہے۔ چین کے مقابلے میں ممبئی شہر میں یکم جولائی سے روزانہ 1100 سے زیادہ میں نئے مریضوں کا انداج ہو رہا ہے۔
واضح رہے کہ ممبئی میں کوویڈ-19 کے مریضوں کی تعداد کو چین سے پیچھے چھوڑنے سے ایک دن قبل مہاراشٹرا نے اس معاملے میں ترکی کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔ مہاراشٹرا میں اس وقت 211987 مریض تھے جبکہ ترکی میں یہ تعداد 205758 تھی اور بین الاقوامی درجہ بندی میں یہ 14 ویں مقام پر تھا۔ اسی طرح 4 جون کو مہاراشٹر نے جرمنی (198064) اور جنوبی افریقہ (205721) کو پیچھے چھوڑ دیا۔
بین الاقوامی درجہ بندی کے مطابق دونوں اس وقت بالترتیب 16 اور 15 پر ہیں۔ مہاراشٹرا کی تازہ ترین کوویڈ ۔19 مریضوں کی تعداد 211987 ہے ، جن میں سے 124306 مریض (54.37 فی صد) شفایاب ہو چکے ہیں جبکہ 87681 زیر علاج ہیں ، اسی طرح شرح اموات 4.26 فیصد ہے ۔ ریاست کے 36 اضلاع میں سے، دو اضلاع بھنڈارا اور چندر پور میں کوئی ہلاک نہیں ہوا ہے اور یہاں بالترتیب صرف 78 اور 69 کوویڈ 19 مریض ہیں، جبکہ گڈچیرولی، ہنگولی اور وردھا اضلاع میں اب تک صرف ایک کی موت واقع ہوئی ہے۔