اورنگ آباد: ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے قومی صدر ڈاکٹر قاسم رسول الیاس نے مہاراشٹر کا دورہ کیا اور اورنگ آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب بھی کیا۔ ڈاکٹر قاسم رسول الیاس نے کہا کہ اس ملک میں مسلمانوں کو اپنی بقا کی لڑائی خود لڑنی ہوگی۔ سیاسی پارٹیوں پر تکیہ کرنا مسلمانوں کی حماقت ہوگی جس طرح شاہین باغ تحریک نے ثابت کیا تھا کہ ملک کا مسلمان قائدانہ کردار ادا کرسکتا ہے ۔ WPI National President Visits Aurangabad
انہوں نے الزام لگایا کہ عمر خالد کو محض اس لیے ضمانت نہیں دی جارہی ہے کیونکہ وہ مسلمان ہے۔ گیان واپی مسجد پر ڈاکٹر قاسم الیاس نے کہا کہ گیان واپی مسجد بھی بابری مسجد کی طرز پر ہتھیانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ گیان واپی معاملے میں دستور ہند کی کھلی خلاف ورزی ہورہی ہے۔ اس پریس کانفرنس میں ڈبلیو پی آئی کے کارکنان کثیر تعداد میں موجود تھے۔ اورنگ آباد میں ڈاکٹر قاسم رسول الیاس نے نشہ مخالف ریلی میں بھی شرکت کی اور ایک جلسے سے خطاب بھی کیا۔ اورنگ آباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ملک میں مسلمانوں کو اپنی بقا کی لڑائی خود لڑنی ہوگی۔ سیاسی پارٹیاں اس معاملے میں کچھ نہیں کرسکتی، چاہے کانگریس ہو یا کوئی اور پارٹی مسلمانوں کو اپنے وجود کی بقا کے لیے خود آگے آنا ہوگا۔
ڈبلیو پی آئی صدر نے کہا کہ ملک کی آزادی کے بعد سب سے بڑا اور ڈیموکریٹک موومنٹ اگر کوئی رہا تو وہ سی اے اے کے خلاف ملک گیر احتجاج تھا جس کا آغاز مسلم نوجوانوں نے کیا تھا اور پورا ملک اس میں شامل ہوا تھا، یہ شاہین باغ تحریک اس بات کی علامت ہیکہ مسلمان اپنے بل پر اپنے حقوق کے لیے حکومتوں کو مجبور کرسکتے ہیں، اس لیے مسلمانوں کو دوسروں پر تکیہ کرنے کی قطعی ضرورت نہیں ہے ۔ ڈاکٹر قاسم رسول الیاس نے کہا کہ کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا نے بی جے پی کے ہوش اڑا دیئے ہیں، یہی وقت ہے تمام سیاسی پارٹیوں کو اپنے اختلافات کو بھول کر کانگریس کی قیادت میں متحد ہونے کا اگر اپوزیشن متحد ہوگیا تو ملک کا سیاسی منظر نامہ بدل سکتا ہے، ڈاکٹر قاسم رسول الیاس نے امید ظاہر کی کہ اگلے پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی کو شکست کا سامنا کرنا پڑھ سکتا ہے ۔WPI National President Visits Aurangabad
گیان واپی مسجد کے معاملے میں ڈاکٹر قاسم رسول الیاس نے کہا کہ جس انداز میں بابری مسجد کو آستھا کے نام پر ہتھیا لیا گیا گیان واپی کے معاملے میں بھی عدالتوں کا موقف کچھ ویسا ہی نظر آرہا ہے لیکن یہ ہمارے ملک کے لیے انتہائی خطرناک ثابت ہوگا، کیونکہ عوام کا اعتماد عدالتوں پر سے اٹھ جائے گا۔ عمر خالد کی ضمانت کے تعلق سے جب سوال کیا گیا تو ڈاکٹر قاسم رسول الیاس نے کہا کہ عمر خالد کو محض اس لیے ضمانت نہیں مل رہی ہے کیونکہ وہ مسلمان ہے ، ڈاکٹر قاسم رسول الیاس کے مطابق عمر خالد کی جیل جانے کی بنیادی وجہ یہ رہی کہ وہ سی اے اے تحریک کا چہرہ تھے اور مسلمانوں کی کوئی بھی تحریک چلتی ہے تو بی جے پی اسے تیزی سے کچلنے کی کوشش کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : جمہوریت کو بچانے کے لیے عوام کو آگے آنا ہوگا: ڈاکٹر قاسم رسول الیاس